پاکستان

عمران خان کا عالمی تنظیموں سے یٰسین ملک کی جان بچانے کا مطالبہ

فاشسٹ مودی سرکار کی جانب سے تہاڑجیل میں یسٰین ملک کو تشدد کا نشانہ بناکر بھوک ہڑتال پرمجبور کرنےکی شدیدمذمت کرتاہوں، سابق وزیراعظم

کشمیری حریت رہنما یٰسین ملک کو تہاڑ جیل میں تشدد کا نشانہ بناکر بھوک ہڑتال پر مجبور کر نے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے نریندر مودی کی حکومت کی مذمت کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’فاشسٹ مودی سرکار کی جانب سےتہاڑ جیل میں کشمیری رہنما یسٰین ملک کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنانے اور انہیں بھوک ہڑتال پرمجبور کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’یٰسین ملک کی زندگی انتہائی خطرے میں ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل (یو این ایس جی)، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق (یو این ایچ سی ایچ آر) اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے التماس ہے کہ بھارت کے خلاف اقدام کریں اور یسٰین ملک کی جان بچائیں‘۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے سے مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ ’لٹیروں‘ کی جانب سے ناروا رویے کے سبب عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے کیونکہ وہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے سے زیادہ اپنے اقتدار کے تحفظ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے پر حکومت پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں مسلط شدہ حکومت نے 3.50 روپے فی یونٹ اضافہ کیا ہے، اس اضافے کی وجہ صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) کے امپورٹڈ ایندھن پر چلنے والے پاور پلانٹس ہیں جو مہنگی ترین بجلی بنا رہے ہیں، پوری قوم مسلم لیگ (ن) کی اس غلطی کی قیمت ادا کر رہی ہے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمران اسمٰعیل نے بھی اس حوالے سے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا بجلی کی قیمتوں میں پھر سے اضافہ شرمناک عمل ہے، عوام بارشوں کی تباہ کاریوں سے پریشان تھی کہ خاموشی سے واردات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور مہنگے منصوبوں سے ملک کو دیوالیہ کرنے کے بعد یہ ٹبر ملک سے فرار ہوجائیں گے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا

ساڑھے 9 برس کی ماہواری اور مردانہ پیڈز!

موبائل انٹرنیٹ رفتار میں پاکستان خطے میں سب سے آگے