پاکستان

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 گرفتار

دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دو مخلتف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو گرفتار کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پہلے آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو تین مسلح ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز کو بھی برآمد کیا گیا ہے، ہلاک اور گرفتار تمام دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک اہلکار بھی شہید ہوا تھا۔

قبائلی ضلعے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں جھڑپیں معمول بن چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک

3 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 2 علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک کردیے تھے جبکہ پاک افغان سرحد کے قریب ضلع خیبر میں ہونے والے حملے میں 3 فوجی جوان زخمی ہوگئے تھے۔

رواں مالی سال کیلئے فنانسنگ کی ضروریات پوری ہو گئیں، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک

لاہور کے مجسٹریٹ کا دعا زہرہ کو کراچی بھیجنے کا حکم

ترکیہ میں روس اور یوکرین کے درمیان گندم کا اہم معاہدہ