ڈیرہ غازی خان: وین ڈرائیور نے خاتون کو ریپ کا نشانہ بنادیا
کوٹ مٹھن پولیس نے خاتون مسافر کی رپورٹ پر وین ڈرائیور کے خلاف ریپ کا مقدمہ درج کر لیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیچا وطنی کی 35 سالہ شکایت کنندہ نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں بتایا کہ کوٹ مٹھن میں رہنے والے اپنے شوہر سے اس کے اختلافات تھے، وہ ملتان سے اپنے بیٹے کو اس کے باپ کے حوالے کرنے آئی تھی۔
خاتون نے اپنے بیٹے کو وین ڈرائیور کے حوالے کر کے اکیلے بھیجنے کی کوشش کی لیکن اس کا بیٹا رونے لگا، جس پر وہ ہچکچاتے ہوئے قصبے کی طرف چلی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ غازی خان: ریپ کا شکار غیرملکی خاتون شدید صدمے سے دوچار
شکایت گزار نے بتایا کہ وین رات 10:30 بجے کوٹ مٹھن پہنچی جہاں اس نے بیٹے کو اس کے باپ کے حوالے کیا، جس نے بیٹے کو کوٹ مٹھن میں ویگن اسٹینڈ پر وصول کیا اور چلا گیا۔
بعدازاں وین ڈرائیور نے خاتون کو اکیلا پا کر بتایا کہ ملتان جانے والی بس صبح تک دستیاب نہیں ہوگی اور اسے راجن پور میں اپنی بہن کے گھر رات گزارنے کی پیشکش کی۔
تاہم راجن پور ویگن اسٹینڈ پر ڈرائیور نے خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گیا۔
مزید پڑھیں: ٹرین گینگ ریپ: ملزمان کا موبائل فون سے ویڈیو بھی بنانے کا انکشاف
متاثرہ خاتون کی شکایت پر کوٹ مٹھن پولیس نے ڈرائیور کو شناخت کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اس سے قبل کراچی جانے والی ایک خاتون کو گزشتہ ماہ جام پور میں سڑک کے کنارے ایک کیوسک پر بس ڈرائیور نے ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔
اس سے قبل 16 جولائی کو ضلع ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں خاتون کو اس کے گائیڈ نے ریپ کا نشانہ بنایا جہاں وہ سیر کرنے گئی تھیں۔