ایم پی اے چوہدری مسعود کو 40 کروڑ نہیں دیے، انہوں نے استعفی دیا، عطااللہ تارڑ کا دعویٰ
وزیر داخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ نے فواد چوہدری کی جانب سے ان پر اراکین اسمبلی کو خریدنے کی پیش کش کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے چوہدری مسعود باعزت اورباوقار شخص ہیں، انہوں نے اپنا استعفیٰ 3 اپریل کو دیا تھا اگر میں نے 40 کروڑ روپے آفر کیے ہوں تو اللہ تعالیٰ مجھ پر اپنا عذاب اور قہر نازل فرمائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں دو دن باقی ہیں اور حسب روایت پی ٹی آئی نے رونا شروع کر دیا ہے، اور ان کی بے بسی ہے کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پنجاب کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار نامزد کیے بیٹھے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کے لیے پرویز الہٰی کو نامزد کرنا عمران خان کا اتنا بڑا یوٹرن ہے کہ ان کی جماعت کے اراکین پرویز الہٰی کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 188 میں سے صرف 100 اراکین نے شرکت کی، اس کی کیا وجہ ہے؟ یہی وجہ ہے کہ فواد چوہدری چیخے مار رہا ہے کہ عطا اللہ تارڑ کو گرفتار کرو، لاہور میں بیٹھا ہوں، گرفتاری کی آوازیں کہیں اور جا کر لگائیں، ہر لیڈر کو اپنا باپ کہنے والا یہ شخص پانچ سیاسی جماعتیں بدل چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 50 کروڑ روپے تک آفر کرکے اراکین اسمبلی کو خریدا جارہا ہے، عمران خان کا دعویٰ
عطا اللہ تارڑ نے فواد چوہدری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پرورش میں حلال کا ایک زر بھی شامل نہیں ہے، آپ کی فرسٹ لاء کمپنی کیسے بنی، کیسز کون لاتا تھا اور ان کا فیصلہ کیسے ہوتا تھا؟
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میں اللہ کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ اگر میں نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے چوہدری مسعود کو 40 کروڑ روپے آفر کیے ہوں تو اللہ تعالیٰ مجھ پر اپنا عذاب اور قہر نازل فرمائے.
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی دعا کرتا ہوں کہ اگر آپ جھوٹے ہیں تو اللہ تعالیٰ آپ پر بھی اپنا قہر نازل کرے، غضب خدا کا کہ لیاقت پور سے ایم پی اے چوہدری مسعود کے حوالے سے کہا گیا کہ ان کو پیسے دیے گئے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے چوہدری مسعود کا مبینہ استعفیٰ دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ باعزت اورباوقار شخص ہیں، انہوں نے اپنا استعفیٰ 3 اپریل کو دیا تھا، میں قرآن پر حلف دینے کو تیار ہوں۔
مزید پڑھیں: فرح خان کو واپس لانے کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کریں گے، عطااللہ تارڑ
ان کا کہنا تھا کہ اگر فواد چوہدری قرآن پر حلف دے دیں کہ ہم نے چوہدری مسعود کو پیسے دیے ہیں تو میں اپنی بات سے پیچھے ہٹ کر ہمیشہ کے لیے سیاست چھوڑ دوں گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 187 اراکین اسمبلی رہ گئے ہیں جبکہ پی ایم ایل (ن) کے پاس 180 کا نمبر ہے، اب صرف 7 اراکین کا فرق ہے، ہو سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے مزید اراکین کے استعفے بھی آ جائیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ چنیوٹ سے ہمارے ایم پی اے مولانا الیاس چنیوٹی کو پرویز الہٰی اور ان کے صاحب زادے نے فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران 10 کروڑ روپے کی رشوت کی پیشکش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے، عطااللہ تارڑ
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ان لوگوں نے فیصل آباد میں ہماری معمر خاتون ایم پی اے کے گھر اپنے عزیزوں کے ذریعے رشوت کے پیسے دینے کے لیے بھیجا، ان کے داماد کرنل زاہد نے ان لوگوں کو بے عزت کرکے نکالا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ہار جیت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، ہم انتخاب جیتنے کے لیے پورا زور لگائیں گے۔