دنیا

امریکا: شاپنگ مال میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک

مال کے فوڈ کورٹ میں موجود مسلح شہری نے فائرنگ کر کے حملہ آور کو مزید کارروائی سے روک دیا، پولیس

امریکی شہر انڈیانا پولس کے باہر ایک شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ میں ایک بندوق بردار شخص نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو ہلاک کر دیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ میں انڈیانا پولس اسٹار کے حوالے سے بتایا گیا کہ گرین ووڈ پارک مال میں شام کو پیش آنے والے اس واقعے میں 2 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

پولیس سربراہ جم آئسن نے صحافیوں کو بتایا کہ 'اس دن کا اصل ہیرو فوڈ کورٹ میں موجود وہ شہری ہے جس کے پاس قانونی طور پر آتشیں اسلحہ تھا اور اس نے فائرنگ شروع ہوتے ہی حملہ آور کو روک دیا'۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کے یومِ آزادی پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک

انہوں نے حملہ آور پر فائرنگ کرنے والے مسلح راہگیر کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک 22 سالہ شخص تھا۔

اخبار کے مطابق حملہ آور اکیلا تھا اور اس کے پاس ایک رائفل اور گولیوں کے کئی میگزین تھے۔

پولیس نے ہلاک شدگان، مسلح شخص یا راہگیر کے نام جاری نہیں کیے ہیں، گولی چلنے کی آواز پر دکاندار اور مال کے ملازمین منتشر ہوگئے یا چھپ گئے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ امریکی اسکولوں، کام کی جگہوں اور عوامی مقامات پر فائرنگ کے بڑے پیمانے پر خدشات کے درمیان پیش آیا جو کہ باقاعدگی سے سرخیاں بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ٹیکساس : اسکول میں مسلح نوجوان کی فائرنگ سے 19 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک

مئی سے نیویارک کے ایک گروسری اسٹور، ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول اور الینوائے کے یوم آزادی کی پریڈ میں مسلح قتل عام نے بندوق کے ضوابط پر امریکی بحث کو پھر سے جنم دیا ہے۔

امریکی ایوان کی عدلیہ کمیٹی اس ہفتے مجوزہ قانون سازی کرے گی جو ہتھیاروں پر پابندی لگائے گی، تاہم اس قانون کے سینیٹ سے منظور ہونے کی توقع نہیں ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں امریکا کے یومِ آزادی کے موقع پر فائرنگ کے مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں ایک 18 سالہ بندوق بردار نے کلاس رومز میں جاکر فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 19 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔

سری لنکا: نئے صدر کے لیے پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے قبل ایمرجنسی نافذ

پیوٹن کی خرابی صحت کی افواہیں حقیقت پر مبنی نہیں، برطانوی فوجی سربراہ

خواتین کے سیاحتی مقامات پر جانے پر پابندی، جرگہ ارکان کےخلاف کارروائی کا مطالبہ