پاکستان

ترک صدر اردوان کا وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

ستمبر میں اسٹریٹجک تعاون کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، وزیراعظم

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کے دوران یقین دلایا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران ترک صدر نے بلوچستان میں سیلاب کے دوران متاثرہ افراد کے لیے دعا کی جہاں مون سون کی بارش کے دوران تاحال 57 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور ترکی کے تعلقات سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ترک عوام کو عیدالاضحیٰ کی خوشیوں کے موقع پر مبارک باد پیش کی جبکہ اردوان نے بھی عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے حالیہ دورے اور ان کے وفد کی زبردست میزبانی کا ذکر کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کے امور سمیت عالمی توانائی اور خوراک کے عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سی پیک میں ترکی کو شامل کرنے کی تجویز

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘بیرون ملک پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی مبارک، یہ مقدس دن ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا پیغام ہے، امت مسلمہ کو نادار اور مستحقین کی مدد کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا’۔

اس سے قبل جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النیہان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن الحمد الثانی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔

بلوچستان: 9 روز سے جاری بارش سے سیکڑوں مکانات تباہ، جاں بحق افراد کی تعداد 57 ہوگئی

بیوی سے معاشقہ چھپانے کی کوشش کرنے والے شوہر کو سزا

کراچی میں بارش کا سلسلہ جاری، مزید 8 افراد جاں بحق، عیدالاضحیٰ میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی