پاکستان

ہمیں کہا جارہا ہے چوروں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے تو جیلوں میں ڈالا جائے گا، عمران خان

الیکشن کمیشن ان چوروں اور لوٹوں کو جتانے کی کوشش کر رہا ہے، اس کے باوجود امپائر بھی ملالو تم نہیں جیت سکتے، چیئرمین پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں کہا جارہا ہے کہ چوروں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے تو مقدمات دائر ہوں گے اور جیلوں میں ڈالا جائے گا۔

ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب سے سازش کے تحت امریکا کے غلام آئے ہیں، ایک بیرونی سازش کے تحت ہمارے اوپر مسلط کیے گئے ہیں اور انہوں نے آتے ہی مہنگائی آسمان پر پہنچا دی اور پیٹرول، ڈیزل، گیس اور بجلی مہنگی کردی۔

مزید پڑھیں: 'ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم': عمران خان سمیت دیگر کے خلاف درخواست دائر

انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کو دو مہینوں کے اندر نیچے گرائی جو مشکلوں سے پچھلے دو سال میں بہتر کی تھی، پاکستان کی اکنامک سروے بھی کہتا ہے دو سال میں 17 فیصد ترقی ہوئی، ریکارڈ برآمدات کی اور ریکارڈ ترسیلات زر ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کا ریکارڈ فائدہ ہوا اور کئی برسوں کے بعد ہماری زراعت نے 4.4 فیصد سے ترقی کی لیکن آج انہوں نے کسان کا معاشی قتل کردیا ہے، بجلی مہنگی کردی اور پھر لوڈ شیڈنگ کی

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لوٹوں کو شکست دینی ہے، یہ جتنی بھی دھاندلی کریں، الیکشن کمیشن بے ضمیر اور وہ الیکشن کمیشن جو ان کے ساتھ مل کر ان چوروں اور لوٹوں کو جتانے کی کوشش کر رہا ہے، اس کے باوجود امپائر بھی ملالو تم نہیں جیت سکتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تم امپائروں کے ساتھ ملا کر یہ میچ جیتو گے اور لاہور میں جو بیٹھا ہے، جس کی تمہیں جتانے کی نوکری ہے، تو تمہیں میرا چیلنج ہے کہ اس کے باوجود ہم تمہیں الیکشن ہرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولنگ کے دن کے لیے مجھے ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 نوجوان چاہیے جو دھاندلی نہیں کروانے دیں گے، 17 جولائی کو نتیجہ آئے اور 20 میں سے 20 سیٹیں جیتیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ میں پاکستان کے ان صحافیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو طاقت کے سامنے آج راہ حق کی آواز بلند کر رہے ہیں، ایاز امیر کو سلام پیش کرتا ہوں کہ بڑی دلیری سے انہوں نے حقیقت بیان کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو قوم کے سامنے سب کچھ بول دوں گا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ عمران ریاض کے ساتھ جو ہوا پوری قوم نے دیکھا، ان ڈاکووں کا صرف ایک مقصد ہے کہ اتنا خوف پھیلا دو کہ قوم چپ کرکے ان کو تسلیم کرلے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تم جو سب سے اوپر بیٹھے ہو اور صحافیوں پر ظلم کر رہے ہوں سن لو، جو صحافی ضمیر بیچتے تھے وہ دانت نکال کر پھر رہے ہیں اور جو لوگ اس ملک کے قومی نظریے پر کھڑے ہیں، قانون کی بالادستی اور انصاف قائم کرنا چاہتے ہیں، آج ان پر کیسز اور ایف آئی آرز درج کروائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ سندھ میں پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر ہے، اس کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ مراد علی شاہ جیسا کرپٹ آدمی وزیراعلیٰ بنا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں آج ہمیں یہ کہا جارہا ہے کہ اگر تم برائی کے ساتھ کھڑے نہیں رہوگے تو تمہارے اوپر ایف آئی آرز درج ہوں گی اور جیلوں میں ڈالا جائے گا، جس پاکستان کا نظریہ لاالہ اللہ تھا اس میں ہمیں کہا جارہا ہے کہ اگر ان چوروں کو اپنے اوپر مسلط کرنے سے انکار کروگے تو تمہیں سزائیں ملیں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا فون ٹیپ کرنے پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے، شیریں مزاری

عمران خان نے کہا کہ جو ان چوروں کے ساتھ کھڑا ہے، آپ کا بھی آخر میں قوم کے سامنے احتساب ہوگا اور یہ قوم کبھی معاف نہیں کرے گی اور نہ ہی اس ملک کی تاریخ ان لوگوں کو معاف کرے گی جو یہ چور ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارے اوپر مسلط کر رہے ہیں، یہ زیادہ دیر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ لوگوں کا پرامن احتجاج کا راستہ اور آزادی اظہار کو روکیں گے تو آپ ملک کو انتشار کی طرف دھکیلیں گے، یہاں بھی سری لنکا والا حال ہوگا، یہاں بھی لبنان کا حال ہوگا، لوگ سڑکوں پر نکلیں گے۔

حکومتی عہدیدران کو توشہ خانہ کے تحائف رکھنے کی اجازت نہ دینے کا بل سینیٹ میں جمع

ملک میں مون سون بارشوں سے 77 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، شیری رحمٰن

5 کروڑ 50 لاکھ لوگوں کا ریلیف چھینا جارہا ہے، مریم اورنگزیب