الیکشن کمیشن کا وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو مفت بجلی کے اعلان پر نوٹس
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں شیڈول ضمنی انتخابات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مفت بجلی فراہم کرنے کے اعلان پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو نوٹس جاری کرکے 7 جولائی کو جواب طلب کر لیا۔
ای سی پی سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی سرکاری عہدیدار، منتخب نمائندہ یا حکومتی عہدیدار الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ان حلقوں میں کسی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کرسکتا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے مفت 'بجلی' کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے روشن گھرانہ پروگرام کے تحت 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والےصارفین کے لیے مفت بجلی فراہم کرنے کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ریلیف پیکج کا اعلان 4 جولائی کو کیا تھا جبکہ الیکشن شیڈول 25 مئی 2022 کو جاری کیا گیا تھا۔
ای سی پی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز خود یا بذریعہ وکیل جواب جمع کرائیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان 25 مئی2022 کو کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے 4 جولائی کو لاہور میں نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ پنجاب بھر میں 100 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کی اوسط 44 لاکھ سے 90 لاکھ خاندان سالانہ بنتی ہے، ایک خاندان کے 6 افراد بھی شامل کریں تو ساڑھے 5 کروڑ صوبے کی عوام بنتی ہے، جو کہ غریب ترین طبقہ ہے اور صوبے کی آدھی آبادی بنتی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پچھلے 6 ماہ میں جن لوگوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 100 ارب روپے کی سبسڈی سے مفت بجلی فراہم کرنے جارہی ہے، آج کے بعد 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی کا بوجھ اٹھانے کی فکر سے آزاد ہوجانا چاہیے۔
وزیراعظم کے دورہ ٹھٹہ کے شیڈول کا نوٹس
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم شہباز شیر کے ٹھٹہ کے دورے کے شیڈول کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز وزیراعلیٰ رہیں گے، دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہوگا، سپریم کورٹ
وزیراعظم شہباز شریف کا گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے فور منصوبے کے آغاز کے لیے ٹھٹہ کا دورہ شیڈول ہے۔
ای سی پی نے نوٹس میں کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت پولنگ 24 جولائی کو ہو گی۔
وزیراعظم کو یاد دہانی کروائی گئی ہے کہ انتخابات تک کسی منصوبے کا آغاز یا افتتاح نہیں ہوسکتا۔