پاکستان

مہنگائی اور بینک کی پابندیوں کے باوجود گاڑیوں کی فروخت میں 51 فیصد اضافہ

عیدالفطر کی تعطیلات سے قبل مئی 2022 میں کاروں کی ماہانہ فروخت بڑھ کر 19ہزار 395 یونٹس تک پہنچ گئی۔

کراچی: قیمتوں میں بڑے پیمانے پر اضافے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے آٹو فنانسنگ پر پابندی اور بلند شرح سود کے باوجود مالی سال22 میں کاروں کی فروخت گزشتہ مالی سال میں ایک لاکھ 39 ہزار 613 یونٹس کے مقابلے میں 51 فیصد بڑھ کر 2 لاکھ 10ہزار 633 یونٹس ہو گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات سے قبل مئی 2022 میں کاروں کی فروخت بڑھ کر 19ہزار 395 یونٹس تک پہنچ گئی جو اپریل 2022 میں 18ہزار 626 یونٹس تھی۔

مزید پڑھیں: گاڑیوں کے مقامی اسمبلرز ایڈوانس ٹیکس میں اضافے سے ناخوش

صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے نتیجے میں پک اپ اور جیپوں کی فروخت میں 43 فیصد اضافہ ہوا جو 28 ہزار 34 یونٹس کے مقابلے میں 40 ہزار 255 یونٹس تک پہنچ گئی، ان مہنگی گاڑیوں کی ماہانہ فروخت مئی 2022 میں گر کر 3 ہزار 498 یونٹس پر آ گئی جو اپریل 2022 میں 3 ہزار 917 یونٹس تھی۔

گزشتہ مہینوں میں اسمبلرز کی طرف سے کی گئی بڑی ایڈوانس بکنگ کی وجہ سے کار، پک اپ اور جیپ اسمبلرز انتہائی خوش ہیں۔

تاہم ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سنی کمار کا ماننا ہے کہ معاشی سست روی، شرح سود میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے مالی معاونت مزید سخت کرنے سے گاڑیوں کی فروخت پر نمایاں اثر پڑے گا۔

پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق ہونڈا سوک اور سٹی کی مشترکہ فروخت مالی سال 2022 کے 11 ماہ میں 42 فیصد بڑھ کر 31ہزار 776 یونٹس ہو گئی جبکہ مالی سال 2021 کی اسی مدت میں یہ تعداد 22ہزار 450 یونٹس تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمت میں ساڑھے 12 لاکھ روپے تک کا اضافہ

اکتوبر2021 سے مارچ 2022 تک ماڈل میں مکمل تبدیلی کی وجہ سے ٹویوٹا کرولا اور یارِس کی فروخت 42 ہزار 912 یونٹس سے 114 فیصد بڑھ کر 52 ہزار 75 یونٹس ہوگئی جبکہ سوزوکی سوئفٹ کی فروخت 2 ہزار 108 یونٹس سے 114 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 514 یونٹس تک جا پہنچی۔

مالی سال 2022 کے 11 ماہ میں مارکیٹ میں نئی آنے والی ہنڈائی الینٹرا اور سوناٹا کی فروخت بالترتیب 3 ہزار 120 اور 2 ہزار 581 یونٹس رہی۔

سوزوکی کلٹس اور ویگن آر کی فروخت مالی سال 2022 کے 11 ماہ میں بالترتیب 36 فیصد اور 78 فیصد بڑھ کر 20 ہزار 701 اور 20 ہزار 997 یونٹس ہو گئی جو کہ مالی سال 2021 کے 11 ماہ میں بالترتیب 15 ہزار 240 اور 11 ہزار 805 یونٹس تھی۔

اسی طرح رواں مالی سال کے 11 ماہ میں سوزوکی بولان 800 سی سی اور آلٹو 660 سی سی کی فروخت بالترتیب 33 فیصد اور 75 فیصد بڑھ کر 11 ہزار 145 اور 63 ہزار 711 یونٹس ہو گئی جہاں گزشتہ سال دونوں گاڑیوں کے بالترتیب 8 ہزار 9 اور 36 ہزار 504 یونٹس سے زائد فروخت ہوئے تھے۔

ٹرکوں کی کل فروخت (ہینو، ماسٹر، اسوزو، اور جے اے سی) 3 ہزار 343 یونٹس سے 59.6 فیصد بڑھ کر 5 ہزار 337 یونٹس ہو گئی جو مقامی طور پر تیار کردہ اور درآمد شدہ سامان کی نقل و حمل میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاک سوزوکی کے مختلف گاڑیوں کے ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

علاوہ ازیں ماسٹر کی سیلز میں 4 فیصد اضافے کے باوجود بسوں کی فروخت 599 یونٹس سے 4.5 فیصد کم ہوکر 572 یونٹ رہ گئی۔

ٹویوٹا فارچیونر اور جدید ملٹی پرپز گاڑیوں کی مشترکہ فروخت مالی سال 2021 کے 11 ماہ میں 9 ہزار 789 یونٹس سے بڑھ کر 16 ہزار 149 ہو گئی، 14فیصد کی چھلانگ کے ساتھ ہنڈائی ٹسکن کی فروخت 3 ہزار 517 یونٹس کے مقابلے میں 3 ہزار 998 یونٹس رہی اور ہونڈا بی آر۔وی کی فروخت 3ہزار 536 یونٹس سے 7 فیصد بڑھ کر 3ہزار 773 یونٹس ہو گئی۔

کیا افغان طالبان ماضی اور حال میں الجھ گئے ہیں؟

غلطی کی معافی مانگتی ہوں، والدین بھی دل بڑا کرکے معاف کردیں، دعا زہرا

ون ڈے رینکنگ: پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ کر چوتھی پوزیشن سنبھال لی