مہنگائی کی شرح ڈھائی سال کی بلند ترین سطح 13.76 فیصد پر پہنچ گئی
ملک میں مئی کے دوران مہنگائی کی شرح تقریباً ڈھائی سال کی بلند ترین سطح پر 13.76 فیصد تک پہنچ گئی۔
پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق نقل و حمل اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
اپریل میں مہنگائی کی شرح 13.37 ہوگئی تھی جس میں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 0.44 فیصد مزید اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: نئی حکومت کا پہلا مہینہ، مہنگائی 27 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
یہ جنوری 2020 کے بعد سب سے زیادہ صارف اشاریہ انڈیکس کی مہنگائی ہے، اس وقت افراطِ زر 14.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
پی بی ایس کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 12.36 فیصد اور دیہی علاقوں میں 15.88 فیصد اضافہ ہوا۔
مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ ٹرانسپورٹ کی وجہ سے ہوا جس کے نرخ 31.77 فیصد بڑھے، اس کے بعد خوراک کی قیمتوں میں 17.25 فیصد اضافہ ہوا۔
پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق خراب ہونے والی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 26.37 فیصد اور نہ خراب ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں 15.94 فیصد اضافہ ہوا۔
مزید پڑھیں: ملک میں مہنگائی دو سال کی بلند ترین سطح 12.96 فیصد تک پہنچ گئی
دیگر زمروں میں جن اشیا کی قیمتوں میں دوہرے ہندسے کا اضافہ دیکھا گیا ان میں فرنشنگ اور گھریلو دیکھ بھال کا سامان 16.11 فیصد، ریسٹورنٹس اور ہوٹل 15.98 فیصد، متفرق اشیا اور خدمات 13.32 فیصد، تفریح اور ثقافت 12.28 فیصد، کپڑے اور جوتے 11.29 فیصد، صحت 10.59 فیصد، الکوحل والے مشروبات اور تمباکو 10.13 فیصد شامل ہیں۔
شہری علاقوں میں پیاز 36.17 فیصد، چکن 16.98 فیصد، انڈے 13.07 فیصد، آٹا 10.51 فیصد، بیسن 6.68 فیصد، دال مسور 5.96 فیصد، گوشت 3.98 فیصد، چاول 3.40 فیصد، دال ماش 2.43 فیصد، گندم 2.06 فیصد سرسوں کا تیل 1.93 فیصد مہنگا ہوا۔
دیہی علاقوں میں پیاز کی قیمت 28.60 فیصد، چکن 17.73 فیصد، انڈوں 1.48 فیصد، بیسن 8.33 فیصد، آلو 6.95 فیصد، آٹا 5.28 فیصد، سرسوں کا تیل 5.16 فیصد، دال مسور 4.56 فیصد، گوشت 3.13 فیصد، دال چنا 2.79 فیصد، دال ماش 2.48 فیصد، چاول 2.33 فیصد اور دودھ کی قیمت میں 2.05 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: اپریل میں مہنگائی 13.37فیصد کے ساتھ 2سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
وزارت خزانہ نے گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں گزشتہ مالی سال کے دوران پائیدار نمو کے حصول میں ملک کو درپیش چیلنجز میں سے بلند بیرونی خسارے، شرح مبادلہ کی قدر میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال جیسے دیگر عوامل کے ساتھ تیزی سے بڑھتی افراط زر کو نمایاں کیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ افراط زر میں اضافے کا بنیادی سبب اشیا کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافہ اور شرح مبادلہ میں نمایاں کمی تھی۔
درحقیقت ڈالر اور پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں کی کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی بنیادی طور پر ملک اور اس کے شراکت داروں کے درمیان افراط زر کے فرق کی عکاسی کرتی ہے۔
مزید برآں نسبتاً بلند مقامی افراطِ زر میں روپے کی قدر کی کمی نے مزید اضافہ کیا۔
مزید یہ کہ نسبتاً زیادہ گھریلو افراط زر کی تلافی روپے کی قدر میں کمی سے ہوتی ہے تاہم، کرنسی کی قدر میں کمی خود مقامی افراط زر میں اضافہ کرتی ہے۔ اس لحاظ سے پاکستان ایک شیطانی افراط زر/کرنسی کی قدر میں کمی کی لپیٹ میں ہے۔