ابتدائی حلقہ بندی میں قومی اسمبلی 6 نشستوں سے محروم
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی ابتدائی فہرستیں جاری کردیں جس میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 342 سے کم ہوکر 336 ہو گئی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نئی حلقہ بندیوں سے قانون کے مطابق قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 272 سے کم ہو کر 266 ہو گئی ہے، خواتین اور اقلیتی نشستیں بالترتیب 60 اور 10 پر برقرار رہیں گی۔
جہاں تک صوبوں کا تعلق ہے، قومی اسمبلی میں پنجاب کی 141جنرل نشستیں ہوں گی، سندھ کی 61، خیبر پختونخوا کی 45 اور بلوچستان کی 16 نشستیں جبکہ اسلام آباد کی 3 نشستیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان
خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 7 لاکھ 88 ہزار 933 افراد پر مشتمل ہوگا جبکہ اسلام آباد کا قومی اسمبلی کا حلقہ 6 لاکھ 67 ہزار 789 نفوس کی آبادی پر مشتمل ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کا قومی اسمبلی کا ایک حلقہ 7 لاکھ 80 ہزار 69 افراد، سندھ کا قومی اسمبلی کا حلقہ 7 لاکھ 84 ہزار 500 افراد، بلوچستان کا قومی اسمبلی کا حلقہ 77 ہزار 946 افراد کی آبادی پر مشتمل ہو گا۔
حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان اپریل میں اس وقت کیا گیا تھا جب ای سی پی نے اکتوبر سے پہلے عام انتخابات کرانے سے معذوری کا اظہار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ڈیجیٹل مردم شماری کا انتظار کیے بغیر حلقہ بندیاں شروع کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد میں حد بندی کی عدم موجودگی سمیت دیگر قانونی رکاوٹوں کا حوالہ دیا تھا۔
جس پر الیکشن کمیشن کو اس وقت کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ای سی پی یکم جولائی سے 30 جولائی تک تمام اعتراضات سن کر فیصلہ کرے گا اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 3 اگست کو جاری کی جائے گی۔