لائف اسٹائل

سینیئر اداکار سجاد کشورانتقال کر گئے

سجاد کشور کی تدفین راولپنڈی کے علاقے کمیٹی چوک کے قریب واقع شاہ دی تالیاں قبرستان میں کردی گئی۔

ٹیلی وژن، ریڈیو اور سینما میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے سینیئر اداکار آغا سجاد کشور کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سجاد کشور 24 مئی کو دوران علاج چل بسے، ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

سجاد کشور کی تدفین راولپنڈی کے علاقے کمیٹی چوک کے قریب واقع شاہ دی تالیاں قبرستان میں کردی گئی۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے سجاد کشور کی نواسی ام امان نے کہا کہ سینیئر اداکار گزشتہ برس بیٹی کے انتقال کے بعد شدید علیل ہوگئے تھے اور وہ مسلسل بیمار رہے۔

انہوں نے بتایا کہ سجاد کشور زائد العمری اور دیگر مسائل کی وجہ سے متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے اور ان کا علاج جاری تھا، بیٹی کے انتقال کے بعد ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔

سجاد کشور نے سوگران میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں جب کہ متعدد نواسے اور پوتے چھوڑی ہیں، ان کی عمر 89 سال تھی۔

سجاد کشور متحدہ ہندوستان میں پنجاب کے شہر لدھیانا میں پیدا ہوئے تھے جو اس وقت بھارت کا حصہ ہے، وہ تقسیم کے بعد والدین کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوئے تھے۔

انہوں نے کم عمری میں 1967 میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) راولپنڈی سے کیریئر کا آغاز کیا، اس سے قبل انہوں نے ریڈیو پر بھی صداکاری سمیت ڈراموں میں بھی کردار ادا کیے۔

اپنی زندگی میں سجاد کشور 2005 تک متحرک رہے اور انہوں نے تقریبا ڈراموں اور تھیٹرز میں ایک ہزار کے قریب کردار ادا کیے جب کہ انہوں نے 100 سے زائد فلموں میں بھی اداکاری کی۔

شاندار اداکاری کے باعث سجاد کشور کو حکومت پاکستان نے ’تمغہ امتیاز‘ جب کہ ریڈیو پاکستان نے ’لائیف ٹائم اچیومنٹ‘ ایوارڈ سے بھی نوازا تھا جب کہ انہوں نے دیگر متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

آزادی مارچ: عمران خان کا نئے انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد کے ڈی چوک میں قیام کا عزم

سپریم کورٹ کا عمران خان کو گرفتار نہ کرنے، احتجاج کیلئے جگہ فراہم کرنے کا حکم

مسلم لیگ (ن) کا پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا مطالبہ