پاکستان

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ

وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے پختہ عزم پر زور دیا، اعلامیہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید الفطر کے پرمسرت موقع پر نیک تمناؤں کے اظہار کے ساتھ مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ ساتھ عید کی مبارکباد دی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 28 سے 30 اپریل 2022 کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت اور حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاک۔سعودی عرب تعلقات کو فروغ دینے کیلئے جدہ پہنچ گئے

دورے کے دوران سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی گفتگو کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید بلند کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے اپنے پختہ عزم پر بھی زور دیا۔

سعودی علی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد نے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور متنوع بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد کے عزم پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی مفادات کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد 28 اپریل کو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھٰیں: وزیر اعظم تین روزہ پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

تین روزہ غیر ملکی دورے کے دوران ‏وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے مابین ملاقات بھی ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات، معیشت، سرمایہ کاری، تجارت کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت کا گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

بین اسٹوکس کا انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم میں 'بے لوث' کرکٹرز کی شمولیت کی خواہش کا اظہار

بھارت کے شہر جودھ پور میں عید پر ہندو مسلم فسادات، کئی علاقوں میں کرفیو نافذ