دنیا

افغانستان: 2 ٹرانسمیشن ٹاورز پر دھماکا، لاکھوں لوگ بجلی سے محروم

بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہم عید کی تقریبات کے لیے کوئی تیاری نہیں کر سکتے اور ہر چیز بجلی کے بغیر بہت مشکل ہے، شہری

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغرب میں بجلی کی 2 ٹرانسمیشن ٹاورز کو بم دھماکے سے اڑائے جانے کے بعد 11 صوبوں میں لاکھوں لوگوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو صوبہ پروان میں بجلی کے 2 ٹاور پر بم دھماکے ہوئے جس سے دارالحکومت اور قریبی صوبوں کی بجلی منقطع ہو گئی۔

مزید پڑھیں: افغانستان: مزار شریف میں دو منی بسوں میں بم دھماکے، 9 افراد ہلاک

سرکاری الیکٹرک کمپنی ڈی اے بی ایس کے ترجمان حکمت اللہ میوندی نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ ’دشمنوں نے بجلی کے 2 ٹاورز کو بم دھماکوں سے اڑا دیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے اور ٹرانسمیشن ٹاورز کی مرمت کرنے کے لیے کمپنی کی 5 ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے، بجلی کے ٹاور پہاڑوں کی چوٹیوں پر لگے ہوئے ہیں اور ہماری ٹیمیں ان کو بحال کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹاورز کی مکمل بحالی میں 2 ہفتے لگیں گے مگر ہفتے کی رات تک بجلی کی جزوی بحالی کے لیے عارضی مرمت کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکا، 33 افراد جاں بحق، 43 زخمی

پولیس نے دعویٰ کیا کہ دھماکوں میں ملوث 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بجلی کا یہ تعطل رمضان المبارک کے بعد عیدالفطر کی چھٹیوں کے آغاز سے قبل ہوا ہے۔

50 لاکھ کی آبادی والے شہر کابل میں متعدد رہائشی عمارتوں اور کاروباری مراکز میں عید کی تقریبات سے قبل ہفتہ کے روز بجلی کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ جنریٹرز لگائے گئے۔

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کابل کے رہائشی خطیرہ فخری نے کہا کہ اس عید پر کوئی بھی خوش نہیں ہے کیوں کہ متعدد خاندان حالیہ دھماکوں کی وجہ سے دکھ میں مبتلا ہیں۔

مزید پڑھیں: افغان دارالحکومت کے اسکول میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہم عید کی تقریبات کے لیے کوئی تیاری نہیں کر سکتے اور ہر چیز بجلی کے بغیر بہت مشکل ہے۔

افغانستان اپنے شمالی ہمسایہ ممالک ازبکستان اور تاجکستان سے درآمد کی جانے والی بجلی پر زیادہ تر انحصار کرتا ہے جس کی وجہ سے بین الممالک بجلی کی لائنیں باغی جنگجوؤں کے تخریبی حملوں کا اہم ہدف بن گئی ہیں۔

نوشہرہ: آئل ڈپو میں لگنے والی آگ نے 20 ٹینکرز کو لپیٹ میں لے لیا

عید منانے کیلئے آبائی علاقے جانے والوں کا ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں پر رش

سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 2 مئی کو ہوگی