پاکستان

پاکستانی زائرین کی مسجد نبویﷺ میں وزیراعظم اور وفاقی وزرا کیخلاف نعرے بازی

یہ فعل ایک ’مخصوص گروپ‘ نے کیا جبکہ زیادہ تر پاکستانی مقدس مسجد کے تقدس کا احترام کرتے ہیں، مریم اورنگزیب

پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے سلسلے میں مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں موجود وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں سے بدتمیزی کی اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔

وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم تین روزہ پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ان کے ہمراہ دورے پر بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسمٰعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر بھی موجود ہیں۔

حکام جمعرات کی سہ پہر سعودی عرب پہنچے تھے اور بعد میں مسجد نبویﷺ میں نماز ادا کی۔

تاہم گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے جب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ’چور‘ کے نعرے لگانا شروع کردیے۔

ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی سے بدتمیزی اور انہیں گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں ان دونوں وزرا کو سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔

بعد ازاں نعروں کے جواب میں ایک ویڈیو پیغام میں اورنگزیب نے کہا کہ یہ فعل ایک ’مخصوص گروپ‘ نے کیا جبکہ زیادہ تر پاکستانی مقدس مسجد کے تقدس کا احترام کرتے ہیں، میں اس واقعے کے ذمہ دار شخص کا نام نہیں لینا چاہتی کیونکہ میں اس مقدس سرزمین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے ایسے لوگوں کے لیے رہنمائی کی دعا کی ہے تاہم جس طرح سے ان لوگوں نے ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچایا ہے تو ہمیں ان معاملات کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا اور ہم اسے صرف ایک مثبت رویے کے ذریعے ہی بہتر کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ ذاتی خرچ پر کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی کی جانب سے بھی ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسلمانوں کا مقصد 27 رمضان المبارک کو گندے نعرے لگانے اور الزامات لگانے کے بجائے مسجد نبویﷺ میں سربسجود ہونا اور اپنی آوازیں پست کرنا ہے۔

دریں اثنا ٹوئٹر پر سیاست دانوں اور مذہبی اسکالرز نے واقعے کی مذمت کی اور کچھ نے اس کا الزام پاکستان تحریک انصاف پر عائد کیا۔

مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مسجدِ نبویﷺ کے احاطے میں مریم اورنگزیب کو گالی دی گئی، اس سے بڑی بدبختی کیا ہو سکتی ہے کہ مغفرت کی راتوں میں، دنیا کی پاک ترین جگہ پر پاک ترین ہستی کے در پر رحمتیں اور مغفرت سمیٹنے کے بجائے انسان دونوں جہانوں کی ذلتیں سمیٹ آئے؟۔

نئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی عدم برداشت اور تفرقہ بازی کو ہوا دے رہی ہے۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج مسجد نبوی میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی یہ اسلام میں بالکل درست نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے واقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں جو غصہ پایا جاتا ہے ہمیں اس کا احساس ہے لیکن مقدس مقامات کے تقدس کا احترام کرنا ہم سب پر لازم ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی محمد خان نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہزار سیاسی اختلاف ہو لیکن اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہ چھوٹے اور نہ ہی سیاسی اختلاف دشمنی میں بدلے!۔

انہوں نے کہا کہ مسجد نبویﷺ یا اس کے احاطہ میں کسی بھی صورت میں نعرہ بازی مناسب نہیں، آداب کے خلاف اور سخت منع ہے، یہ عوامی ردعمل تھا لیکن مسجد نبویﷺ کا احترام ہر صورت، ہر حال میں مقدم ہے۔

صبا فیصل نے زائد العمری میں وزن کم کرنے کا آسان نسخہ بتا دیا

'ایسٹ وِنڈ': جب سعودی عرب نے پاکستان کے تعاون سے چینی میزائل حاصل کیے

جو روٹ کی جگہ بین اسٹوکس انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر