دنیا

ایمانوئیل میکرون دوبارہ فرانس کے صدر منتخب

ایمانوئیل میکرون نے دوسرے راؤنڈ میں میرین لیپن کے 41.4 فیصد ووٹ کے مقابلے میں تقریباً 58.6 فیصد ووٹ حاصل کیے، رپورٹ

فرانس کے صدارتی انتخاب میں ایمانوئیل میکرون حریف میرین لی پین کو شکست دے کر دوسری بار صدر منتخب ہوگئے۔

وزارت داخلہ کے سرکاری نتائج کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے دوسرے راؤنڈ میں میرین لی پین کے 41.4 فیصد ووٹ کے مقابلے میں تقریباً 58.6 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

ایمانوئیل میکرون 2 دہائیوں میں پہلے فرانسیسی صدر ہیں جنہوں نے دوسری مدت کے لیے کامیابی حاصل کی لیکن 2017 کے مقابلے میں اس بار انہوں نے اپنے انتہائی دائیں بازو کی حریف سے کم مارجن سے فتح حاصل کی ہے جب تناسب 66.1 فیصد اور 33.9 فیصد تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کو ہجوم میں ایک شخص نے تھپڑ مار دیا

ایفل ٹاور کے نزدیک اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح طور پر منقسم ملک میں دراڑیں ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

44 سالہ صدر جون میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے چیلنج کے ساتھ اپنی دوسری مدت کا آغاز کریں گے، جہاں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اکثریت برقرار رکھنا اہم ہوگا کہ وہ اپنے ان عزائم کا ادراک کر سکیں۔

انتہائی بائیں بازو کے گروہوں کے سیکڑوں مظاہرین کچھ فرانسیسی شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے تاکہ ایمانوئیل میکرون کے دوبارہ انتخاب اور میرین لی پین کو حاصل ووٹس کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔

پولیس نے پیرس اور مغربی شہر رینس میں ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

نئے دور کا آغاز

وسطی پیرس میں چیمپ ڈی مارس پر اپنی فتح کی تقریر میں ایمانوئیل میکرون نے وعدہ کیا کہ ان کی اگلی 5 سالہ مدت میرین لی پین کی حمایت کرنے والے ووٹروں کی مایوسیوں کو دور کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس غصے اور اختلاف کا جواب تلاش کرنا چاہیے جس کی وجہ سے ہمارے بہت سے ہم وطنوں نے انتہائی دائیں بازو کی جماعت کو ووٹ دیا، انہوں نے کہا کہ یہ میری اور میرے اطراف موجود لوگوں کی ذمہ داری ہوگی۔

مزید پڑھیں: فرانس: صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ، ایمانوئیل میکرون کو سخت مقابلے کا سامنا

ایمانوئیل میکرون نے فرانس پر حکومت کرنے کے لیے ایک 'جدید طریقہ کار' کا بھی وعدہ کیا اور مزید کہا کہ یہ نیا دور گزشتہ مدت کا تسلسل نہیں ہوگا جو اب ختم ہو رہا ہے۔

دوسری جانب دارالحکومت میں اپنی تقریر میں میرین لی پین نے انتخابات کے نتائج کو قبول کیا لیکن سیاست چھوڑنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ وہ فرانسیسی عوام کو کبھی نہیں چھوڑیں گی اور جون میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی تیاری کا بھی عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتیجہ ایک شاندار فتح کی نمائندگی کرتا ہے۔

میرین لی پین نے کہا کہ آج شام ہم پارلیمانی انتخابات کے لیے عظیم جنگ کا آغاز کر رہے ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی اور مطالبہ کیا کہ صدر ایمانوئیل میکرون کے مخالفین ان کی نیشنل ریلی پارٹی کے ساتھ شامل ہوجائیں۔

عمر چیمہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر عارف علوی کو خط

حکومت کے استحکام کے لیے سمندر پار پاکستانی اہم کیوں ہیں؟

سری لنکا: ورلڈ بینک کی امدادی پیکج کی تیاری، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات بھی 'نتیجہ خیز‘ قرار'