آئیں، امن کو ممکن بنائیں‘ وزیراعظم شہباز شریف کا نریندر مودی سے اظہار تشکر
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تہنیتی پیغام پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، ہمیں امن کو یقینی بناتے ہوئے اپنے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف کو ترک صدر کا فون، وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
بھارتی وزیراعظم نے مزید لکھا تھا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجز اور لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرسکیں۔
مزید پڑھیں:شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے
واضح رہے کہ وزیر اعظم منختب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر کے دوران شہباز شریف نے بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بھارت کے ساتھ پر امن دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم کشمیر کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، ہم کشمیر کے لوگوں کی ہر سطح پر سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئیں ہم دونوں ممالک کے مسائل کے حل کےلیے، ان کو غربت اور پسماندگی سے نکالنے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کریں۔