پاکستان

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ

انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے پوری قوم کے متفقہ ردعمل کی ضرورت ہے، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی صورت حال اور ضم ہونے والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی خبر کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی، جو علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے پوری قوم کے نکتہ نظر اور متحد ہو کر ردعمل دینے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ نوشکی، فوجی جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا

بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیپٹن سعد بن عامر شہید اور لانس نائیک محمد عرفان شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جنہوں نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور صوبائی وزرا بھی اس موقع پر موجود تھے، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔

قبل ازیں کورہیڈ کوارٹرز آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

شاہ محمود قریشی کی چین میں روس، ایران کے وزرائے خارجہ سے ملاقات

دوپہر کی نیند بچوں کے لیے فائدہ مند ہے یا نہیں؟

ہارٹ فیلیئر جیسے جان لیوا مرض سے بچنا بہت آسان