پاکستان

ایرانی وزیر داخلہ ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ایک روزہ دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد واحدی وزیراعظم عمران خان اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد واحدی ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال ان کے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد نے کیا۔

ڈاکٹر واحدی کی آمد سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے گزشتہ ہفتے ملک کے دورے کے بعد ہوئی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق 9 رکنی ایرانی وفد کا وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے استقبال کیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مختصر بیان میں بتایا گیا کہ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر واحدی اور پاکستانی حکام پاک ۔ ایران بارڈر مینجمنٹ اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے سعودی وزیرداخلہ کی ملاقات، ‘مشکل وقت میں تعاون پر شکریہ ادا کیا

گزشتہ سال اکتوبر میں دونوں ممالک نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے خصوصی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

معاہدے کو پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شیخ رشید احمد اور مجلس (ایرانی پارلیمنٹ) میں ایران پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اراکین کے درمیان ہونے والے اجلاس میں حتمی شکل دی گئی تھی۔

دونوں فریقین نے دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کے لیے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مستحکم افغانستان کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

طالبات ہراسانی کیس: لاڑکانہ یونیورسٹی کی وائس چانسلر عہدے سے برطرف

پی ایس ایل 7: سیکیورٹی انتظامات سے قذافی اسٹیڈیم سے متصل علاقوں کے مکین پریشان

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان