اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل، غیر جانبدار اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں گے، اپوزیشن کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ٹی وی، ٹی وی کھیلتی ہیں، ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، مجھے یقین ہے کہ 23 مارچ کو لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل، غیر جانبدار اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان سرخرو اور مخالفین ناکام ہوں گے، اپوزیشن جماعتیں ہمارے اتحادیوں کے پاس بھی جا رہی ہیں لیکن اپوزیشن کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن اپنی سیاسی موت مرنے جارہی ہے، شیخ رشید
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست ناکام ہے، ابھی حالیہ دنوں میں انہیں پارلیمنٹ میں شکست ہوئی ہے، اپوزیشن کہتی تھی کہ حکومت کے 20 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں مگر ووٹنگ کے دوران ان کے ایم این ایز کی تعداد کم نکلی، مخالفین اپنے بندے پورے کرنے کی فکر کریں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کا شوق بھی پورا کرلے، اسے ایک بار پھر ناکامی ہوگی، اس اپوزیشن میں مطلوبہ تعداد میں بندے پورے کرنے کی صلاحیت نہیں، اگر اپوزیشن اس قابل ہوتی تو ساڑھے 3 سال قبل ہی اپنی حکومت نہ بنالیتی۔
کرپشن کیسز سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہے، کرپشن میں ملوث ہونے کے سب سے مضبوط کیسز اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف ہیں اور اسی لیے وہ سب سے زیادہ متحرک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک منتخب لیڈر ہے اور وہ مقابلہ کرنے والا شخص ہے جبکہ دوسری جانب ناکام اپوزیشن ہے، یہ کہتے کچھ ہیں کرتے ہیں، یہ اصل میں وہ نہیں ہیں جو یہ ٹی وی پر کہتے ہیں اور آپ دیکھیں گے ان کی سیاست ختم ہونے جارہی ہے، ان کی سیاست صرف 50 دن کی سیاست ہے، اس کے بعد وزیراعظم عمران خان مزید مضبوط ہوں گے۔
شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے ثبوت پیش کرنے اور سزائیں دلوانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف کیسز میں بڑی جان ہے اس کے باوجود ہم نتائج نہیں لاسکے۔
فیصل واڈا کی نا اہلی سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیصل واڈا اس فیصلے کے خلاف اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے سپریم کورٹ جائیں گے، جس طرح گزشتہ روز علی امین گنڈاپور کے بھائی کو عدالت سے حکم امتناع ملا، مجھے امید ہے فیصل واڈا کو بھی عدالت سے ریلیف مل سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:اپوزیشن کے 15 افراد اندر سے عمران خان کے ساتھ ہیں، شیخ رشید
ملک میں کرپشن بڑھنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف ایک جری ہتھیار کا نام ہے، اگر ان کی حکومت میں کوئی کرپشن کہیں نظر آتی ہے تو اس کی نشاندہی کی جائے، فوری ایکشن لیا جائے گا، وزیراعظم کے پاس موجود سب سے اہم خوبی ان کی دیانت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن کے 70 میگا کیسز ہیں، میگا کرپشن کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں، ان کا فیصلہ جلد از جلد ہونا چاہیے، آنے والے دنوں میں کوشش کریں گے کہ ملک کے میگا کرپشن کے کیسز کا فیصلہ ایک ڈیڑھ سال میں ہوجائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کرپشن کے کیسز ہیں، ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، کرپٹ لوگوں نے اپنے چپڑاسیوں کے ناموں پر اربوں روپوں کی منی لانڈرنگ کی ہے، ملک کا اربوں روپیہ ادھر سے ادھر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ (ن) 3 گروپس میں تقسیم ہوگی، شیخ رشید کی نئی پیش گوئی
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم سے لوگوں نے جو توقعات کی تھیں کہ ہم ملک کی لوٹی گئی دولت اور چوری کیا گیا پیسہ واپس لائیں گے وہ ہم اب تک نہیں کرسکے لیکن یہ ہمارا اور وزیراعظم عمران خان کا عزم مصمم ہے کہ کرپٹ لوگوں کو این آر او نہیں دے گا اور نہیں چھوڑے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کی درخواست پر ایف سی، رینجرز، کوسٹ گارڈز اور گلگت بلستستان اسکاؤٹس سمیت تمام سول آرم فورسز کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا ہے اور مارچ کے مہینے سے ان محکموں میں تنخواہیں بڑھ کر ملیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ دیگر سول محکموں کے ملازمین کی تنخواہیں بھی بڑھائی جائیں، اور بہت جلد ان کی تنخواہیں بھی بڑھائی جائیں گی۔