پاکستان

گینگ ریپ کی متاثرہ خاتون کو بھائی نے گولی مار کر قتل کردیا

گرفتار ملزم نے بتایا کہ پولیس نے ریپ کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا، رپورٹ

پنجاب کے ضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے گاؤں بیہک لُرکہ میں بھائی نے گینگ ریپ کا شکار ہونے والی بہن کو گولی مار کر قتل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والے 4 ملزمان کی جانب سے 28 سالہ خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان کے خلاف لکسیاں تھانے میں مقدمہ درج ہے تاہم مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ظلم کا شکار ہونے والی خاتون کے بھائی نے مبینہ طور پر اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی بہن کو قتل کیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کا بھائی ریپ میں ملوث 4 ملزمان کو بھی قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم نے بتایا کہ پولیس نے ریپ کرنے والے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا، ملزمان کی جانب سے متاثرہ خاندان پر ’مفاہمت‘ کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 6 سالہ بچی کا ریپ کرنے والا 70 سالہ ملزم گرفتار

دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ریپ کرنے والے ملزمان پہلے ہی عدالت سے 11 فروری تک ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر چکے تھے۔

دریں اثنا اسی علاقے میں 14 سالہ لڑکی کا بھی ریپ کیا گیا اور ملزم مفرور تھا، تاہم کوٹ مومن میں قتل کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

گینگ ریپ کے ملزمان گرفتار

ڈان اخبار کی ایک اور رپورٹ کے مطابق لاہور میں گلبرگ پولیس نے گینگ ریپ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ واقعے میں ملوث ایک ملزم مفرور ہے۔

ملزمان نے لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر سی وی اور دیگر دستاویزات دینے کے لیے لاری اڈے بلایا۔

بعد ازاں انہوں نے لڑکی کو کہا کہ وہ تفصیلی انٹرویو کے لیے گلبرگ میں واقع ان کے دفتر آجائے، ملزمان لڑکی کو لبرٹی چوک پر واقع ہوٹل میں لے گئے جہاں اسے ریپ کا نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: لاہور: 16 سالہ لڑکی کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید کی سزا

لڑکی نے اپنے والدین کو واقعے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے گینگ ریپ کا مقدمہ درج کروایا۔

پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ تیسرا ملزم تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے، تاہم واقعے میں ملوث تیسرے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

اسمگلر گرفتار

علاوہ ازیں میانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 2 اسمگلرز کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے 100 کلو گرام چرس اور افیون برآمد کرلی گئی۔

علاقے میں گشت کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے ایک کار کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، کار کا تعاقب کرنے پر پولیس کو معلوم ہوا اس میں 44 کلو گرام چرس اور 65 کلوگرام افیون چھپائی گئی ہے، تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان عرفان اور سعید انور نے پولیس کو بتایا کہ منشیات سرگودھا اسمگل کی جارہی تھی۔

’شاید کراچی کنگز کے لیے لاہور میں بھی واپسی کرنا مشکل ہی ہو‘

’بلبل ہند‘ لتا منگیشکر کو پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کا خراج تحسین پیش

عالمی طاقتوں سے پاکستان، بھارت پر دوبارہ تعلقات قائم کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ