پاکستان

کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکے سے 4 کان کن جاں بحق، 3 زخمی

دھماکے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے جبکہ کوئلے کی کان کو سیل کر دیا گیا ہے، چیف انسپکٹر محکمہ کان و معدنیات

کوئٹہ کے سورہ گھرگی کے علاقے میں کوئلے کی مقامی کان میں دھماکے کے نتیجے میں 4 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

کانوں اور معدنیات کے محکمے کے چیف انسپکٹر عبدالغنی نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ جمعہ کی شب کوئٹہ کے نواح میں کوئلے کی مقامی کان میں زوردار دھماکا ہوا۔

دھماکے کے باعث 7 کان کن کوئلے کی کان میں پھنس گئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 4 مزدور ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں گزشتہ رات شروع کردی گئی تھیں، ریسکیو آپریشن کے دوران تین زخمیوں کو کوئٹہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق ہونے والے کوئلہ کان کنوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، 14 کان کن پھنس گئے

عبد الغنی نے مزید بتایا کہ دھماکے کی وجہ معلوم کی جارہی ہے جبکہ کوئلے کی کان کو سیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال بلوچستان کی دو کوئلے کی کانوں میں حادثات پیش آئے جن میں کانوں میں کام کرنے والے 8 مزدور جاں بحق ہوئے۔

پاکستان سینٹرل مائنز اینڈ لیبر فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لالہ سلطان نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ گزشتہ سال صوبے میں کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے 100 سے زائد مزدور اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

پی ایس ایل7: قلندرز نے یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

حکومت کے خاتمے کیلئے قانونی، آئینی حکمت عملی اپنائیں گے، مسلم لیگ(ن)، پی پی پی کا اتفاق

'بچوں کے ساتھ پی ٹی آئی کے دھرنوں میں بیٹھے، اب پی ایس پی جوائن کرلی'