پاکستان

بلاول بھٹو نے شہباز شریف کی ظہرانے کی دعوت قبول کرلی

ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں آصف علی زرداری کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، لیگی عہدیداران

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کیا اور انہیں ہفتے کو ظہرانے پر ملاقات کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے دوسری بڑی اپوزیشن جماعت کے چیئرمین کو فون کیا اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو ہفتے کو ظہرانے پر ملاقات کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ بلاول بھٹو زرداری جمعرات کو اپنے والد و سابق صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ لاہور پہنچے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں آصف علی زرداری کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جبکہ اس ملاقات میں مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز بھی موجود ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا شہباز شریف سے رابطہ، اتحاد کیلئے امیدیں زور پکڑ گئیں

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو کے ہمراہ ملاقات کے لیے جائیں گے یا نہیں اس حوالے سے پارٹی میں مشاورت جاری ہے۔

پارٹی عہدیداران نے کہا کہ یہ ملاقات مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر کی جارہی ہے اور دعویٰ کیا کہ نواز شریف سے پیپلز پارٹی کی قیادت نے متعدد بار رابطے کیے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملاقات میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اِن ہاوس تبدیلی سب سے اہم ایجنڈا ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ اِن ہاؤس تبدیلی یا حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا آغاز پنجاب سے کیا جائے جبکہ ان کی خواہش ہے کہ وفاقی سطح پر تبدیلی لائی جائے۔

وزیراعظم کا عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کےخلاف اقدامات کا مطالبہ

نادیہ خان کا شرمیلا فاروقی کے خلاف کرمنل کیس کرنے کا عندیہ

پی ایس ایل سیزن 7: کراچی کنگز اپنے گھر کراچی میں جیت کو ترس گئی