پاکستان

کوہاٹ: پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید

پولیو ٹیم واقعے میں محفوظ رہی، فوری طور پر کسی عسکریت پسند گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، پولیس

کوہاٹ: انڈس ہائی وے کے نزدیک جرما کے علاقے خواسی بانڈہ میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار ایک حملے میں شہید ہو گیا، یہ 4 ماہ کے عرصے میں اس طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کانسٹیبل حامد خان دو رکنی پولیو ٹیم کی حفاظت کر رہے تھے جو اس واقعے میں محفوظ رہی، فوری طور پر کسی عسکریت پسند گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

کوہاٹ ڈویژن کے کمشنر جاوید مروت نے اپنے دفتر میں پولیس عہدیداروں کا اجلاس بلایا اور ہدایت کی کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کوششیں کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: ٹانک میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار شہید

ایس پی انویسٹیگیشن سید عنایت علی شاہ نے ڈان کو بتایا کہ پولیس کی 13 سرچ ٹیمیں قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں گشت کر رہی ہیں لیکن ابھی تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

یہ واقعہ منگل کو صبح 10 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ٹیم گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی تھی۔

پولیس افسر نے امید ظاہر کی کہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور بتایا کہ ستمبر 2021 میں ایک پولیس محافظ کے قتل کیس میں پیش رفت ہوئی تھی۔

اس سے قبل 20 ستمبر 2021 کو خیبرپختونخوا میں5 روزہ پولیو مہم کے تیسرے دن کوہاٹ شہر کے علاقے تھل بہزادی میں کانسٹیبل سید ساجد حسین کو قتل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں لگاتار دوسرے دن پولیو ٹیم پر حملہ، حفاظت پر مامور پولیس اہلکار قتل

ان پر حملہ کرنے والے دونوں مسلح موٹر سائیکل سواروں کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کیونکہ ان کے چہروں پر ماسک نہیں تھے۔

حالیہ مہینوں میں مردان، پشاور، ٹانک، کوہاٹ میں دو دو پولیس اہلکار اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک جبکہ کرک میں ہوئے مہلک حملے میں بھی ایک اہلکار شہید ہوچکا ہے۔

سال 2020 کے دوران صوابی میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز کو قتل کر دیا گیا تھا، اس واقعے کے بعد پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔

بعد ازاں شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سلامی دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور: پولیو ٹیم کا محافظ پولیس اہلکار فائرنگ سے جاں بحق

نماز جنازہ میں چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی ضیا اللہ بنگش، ڈی آئی جی کوہاٹ ڈویژن طاہر ایوب، کمشنر کوہاٹ ڈویژن جاوید مروت، ڈپٹی کمشنر روشن محسود، ڈی پی او محمد سلیمان، ایس پی انویسٹی گیشن عنایت علی شاہ اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے واقعے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کرلیا۔

پی ڈی ایم نے وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا خیال ترک کردیا

اسرائیلی صدر رواں ماہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے

ایران: فرانسیسی سیاح کو جاسوسی کے الزام میں قید