دنیا

بلاگر کے قتل کی سازش کیلئے رقم پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں بھیجی گئی، برطانوی عدالت کو آگاہی

مزمل نے لگ بھگ 5 ہزار پاؤنڈ الائیڈ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے جو چنیوٹ میں مقیم محمد امین آصف کا تھا۔

نیدرلینڈز میں مقیم بلاگر و سماجی کارکن احمد وقاص گورایا کے قتل کی سازش کے الزام کا سامنا کرنے والے محمد گوہر خان کے ٹرائل کے تیسرے روز عدالت کو ایک بار پھر بتایا گیا کہ کس طرح مبینہ طور پر قتل کا منصوبہ بنایا گیا اور کیسے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے فنڈز منتقل کیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مزمل کے نام سے شناخت ہونے والے مڈل مین، جس نے واٹس ایپ پر مُڈز، زیڈ اور پاپا کے فرضی نام استعمال کیے، 2021 میں کئی ماہ تک گوہر خان سے رابطے میں رہا جس دوران بلاگر کے قتل کے لیے دونوں نے منصوبہ بندی اور اس کے لیے رقم پر بات کی۔

مزمل نے لگ بھگ 5 ہزار پاؤنڈ الائیڈ بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے جو چنیوٹ میں مقیم محمد امین آصف کا تھا۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس نے کہا کہ یہ رقم احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کے لیے گوہر خان اور مڈل مین کے درمیان ڈیل کا حصہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی ٹارگٹ کلر احمد وقاص گورایا کے گھر گیا، چاقو بھی خریدا، پروسیکیوشن کے دلائل

گوہر خان کو بعد ازاں ہنڈی ٹرانسفر کے ذریعے 4 ہزار 888 پاؤنڈ موصول ہوئے جسے اس نے ٹکٹوں کی خریداری، ٹیسٹ کے انتظامات کرنے نیدرلینڈز میں اپنے قیام کی بُکنگ کے لیے استعمال کیا۔

مڈل مین بینک اکاؤنٹ کا سراغ لگنے کے حوالے سے محتاط تھا اور اس نے اور گوہر خان نے کئی روز تک اس پر بات چیت کی نظر میں آئے بغیر کیسے رقم منتقل کی جائے اور شرح تبادلہ کیا ہوگی۔

گوہر خان کو اس کام کے لیے ایک لاکھ پاؤنڈ کی بھاری رقم کی پیشکش کی گئی تھی، پراسیکیوشن نے دعویٰ کیا کہ گوہر خان قرضے میں ڈوبا ہوا تھا جس کی ادائیگی کے لیے اس کے پاس کوئی راستہ نہیں تھا۔

استغاثہ نے گوہر خان اور مڈل مین کے درمیان ڈیل کا تفصیلی خاکہ بھی پیش کیا جس کے مطابق ایک لاکھ پاؤنڈ کا کُل ادائیگی کا معاہدہ تھا، جس میں سے 80 ہزار مدعا علیہ کو اور باقی مڈل مین کو ادا کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: برطانوی عدالت میں 'جلاوطن بلاگر کے قتل کی منصوبہ بندی' کی تفصیلات کا انکشاف

کیس کا ٹرائل رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔

گوہر خان نے الزام سے انکار کیا ہے اور اس نے کہا کہ اس کا ارادہ احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کا نہیں بلکہ پاکستان میں موجود افراد سے کیش لینا تھا۔

گوہر خان نے اس بات سے انکار نہیں کیا ہے کہ یہ وہی شخص ہے جس کی شناخت پولیس نے پیغامات کے تبادلے کے ساتھ مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں کی ہے۔

عمر عطا بندیال باضابطہ طور پر ملک کے اگلے چیف جسٹس مقرر

افغانستان: مغربی علاقے میں زلزلے سے 26 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

فاسٹ فوڈ سے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟