پاکستان

ہنگو: گیس بھرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک

گھر میں سردی کے باعث ہیٹر چلایا گیا تھا اور خاندان کے افراد ہیٹر بند کیے بغیر سوگئے جس سے رات گئے کمرے میں گیس بھر گئی، پولیس
|

خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں کمرے میں گیس بھرنے سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان ہنگو پولیس ظاہر حسین کے مطابق خاندان گلشن کالونی میں رشتہ داروں کے گھر رات گزارنے کے لیے آیا تھا، گھر میں سردی کے باعث ہیٹر چلایا گیا تھا اور خاندان کے افراد ہیٹر بند کیے بغیر سوگئے جس سے رات گئے کمرے میں گیس بھر گئی اور دم گھٹنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے لاشیں لواحقین کے حوالے کردی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ہنگو حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ والدین اور بچوں کی ناگہانی موت پر دلی دکھ ہوا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ سردیوں میں گیس ہیٹر کے استعمال میں احتیاط برتیں۔

مزید پڑھیں: مانسہرہ: گیس لیکیج سے بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ ملک کے سرد علاقوں میں ہر سال ہیٹر کے استعمال میں غفلت کے باعث گیس بھرنے سے اموات سامنے آتی ہیں۔

جنوری 2021 میں خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں گیس لیکیج سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئےتھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ خاندان کے افراد گیس ہیٹر کھلا رکھ کر سو گئے، جس کے باعث کمرے میں گیس لیکیج ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگلے روز کافی دیر تک کمرے کا دروازہ کھٹکھٹانے پر کوئی باہر نہ آیا تو دروازہ توڑا گیا تو تمام افراد بے ہوش تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی افراد انہیں کنگ عبداللہ ہسپتال لے کر گئے جہاں تمام افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔

پنجاب: اسکولوں میں قرآن کی تعلیم کے لیے 70 ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری

عدالتی حکم پر نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج

حکومت نے اومیکرون کے پیشِ نظر معاشی بحران کا خدشہ ظاہر کردیا