چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی آڈیو: آواز میری ہے، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا میں مختلف ٹی وی چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی آڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہماری پارٹی کی سوشل میڈیا کی تھی اور پرانی آڈیو ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سوشل میڈیا میں مختلف چینلوں کو اشتہارات دینے سے منع کرنے کے حوالے سے زیر گردش آڈیو سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ‘میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ وہ جوڑجوڑ کر بنائی گئی ہے، یا میری آواز نہیں ہے، وہ میری آواز ہے’۔
مزید پڑھیں: ثاقب نثار بتائیں کس نے مجھے اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا، مریم نواز
انہوں نے کہا کہ ‘جب میں پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی، وہ بہت پرانی آڈیو ہے لیکن میں نے جب کہہ دیا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ توڑ جوڑ کر، میری فلاں تقریر سے نکال کر بنائی گئیں تو یہ بات سامنے آگئی’۔
مریم نواز نے کہا کہ 'میں اس پر بہت لمبی بات چیت بھی کرسکتی ہوں لیکن پھر کسی وقت کے لیے'۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا میں مریم نواز کی ایک آڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں وہ نام لے کر مختلف چینلوں کو اشتہار نہ دینے کی ہدایت کر رہی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے وضاحتی بیان میں کہا کہ مریم نواز کی گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، یہ ایک پرانی آڈیو ہے جس پر مریم نواز نے جرات کے ساتھ سچ بولا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی اشتہار سے متعلق فیصلہ پارٹی ہی کرتی ہے، انہوں نے اس آڈیو کو مانا کیونکہ اس میں چھپانے والی کوئی بات تھی ہی نہیں ، جب کچھ غلط نہ کیا ہو تو اسی طرح کھل کر اعتراف کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، مریم نواز کے ٹرائل سے متعلق آڈیو کلپ جعلی ہے، سابق چیف جسٹس
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ اس آڈیو پر طوفان برپا کرنے کی ضرورت نہیں، اصل معاملے سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی، اس آڈیو کا جواب دیں جس نے 22 کروڑ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے جہنم میں دھکیل دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس آڈیو کا جواب دیں جس کی وجہ سے معیشت کا کباڑا ہوا اور قوم کا ووٹ چوری کرکے کٹھ پتلیاں مسلط کی گئیں، اس آڈیو کا حساب دیں جس سے عدل کے ایوان کے ماتھے پر داغ لگ گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزرا نے مریم نواز کے بیان پر سخت تنقید کی.
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 'مریم نواز نے بڑے چینلز کے اشتہارات کنٹرول کرنے کا اعتراف کیا ہے، یہ سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے، کہتی ہیں میں پارٹی کا میڈیا سیل چلا رہی تھی، اس اعترافی بیان کے بعد امید ہے وہ اپنی اور خاندان کی بیرون ملک جائیدادوں کا اعتراف بھی کر لیں گی، قوم چشم براہ ہے'.
وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ'چلو بالآخر انہوں نے سچ بولا! بات یہ ہے کس اختیار کے تحت انہوں نے احکامات دیے؟ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ نواز شریف ذاتی بادشاہت چلا رہے تھے جہاں وہ بحیثیت بیٹی سرکاری احکامات صادر کرسکتی ہیں'.