پاکستان

آئندہ ووٹر فہرستوں میں نام کے ساتھ تصاویر بھی شامل ہوں گی، شیخ رشید

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جہاں خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کا مسئلہ ہے ان کے لیے لیڈیز عملہ تعینات کیا جائے گا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ووٹر فہرستوں ووٹرز کی تصویر بھی شائع کی جائے گی اور اس وقت ملک میں 12 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب آنے پر حلقے کے اعتبار سے موبائل فون پر ووٹرز کو حلقے کے اعتبار سے انتخابات سے متعلق سہولت فراہم کی جائے گی اس میں عارضی اور مستقل نمبر والوں کے پاس آپشنز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دو دراز علاقوں میں جہاں خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کا مسئلہ ہے ان کے لیے وہیں کا لیڈیز عملہ تعینات کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہیں مگر اندرونی سازشوں سے خطرہ ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر معاملات طے کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں سمندر پار پاکستانی پی ٹی آئی کی ریڑھ کی ہڈی ہوں گے اور بہت سپورٹ ملے گی کیوں کہ عمران خان کو سمندر پار پاکستانیوں کی بڑی حمایت حاصل ہے، ان ایک کروڑ ووٹرز میں عمران خان اور پی ٹی آئی جیسی مقبولیت کسی کے پاس نہیں ہے۔

ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن 3 اجلاس کرچکی ہے اور کوئی نتیجہ نہین نکلا، گزشتہ دسمبر میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت ختم ہورہی ہے اور اب آئندہ دسمبر آگیا ہے، ہماری خوشقسمتی ہے کہ اللہ نے ایسی نالائق اپوزیشن دی۔

مزید پڑھیں: بین الاقوامی بحران میں پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف میڈی میڈیا اور ویڈیو ویڈیو کھیل رہی ہے ہماری حکومت کو سوا 3 سال ہوگئے ہیں، مارچ میں بلدیاتی انتخابات شروع ہوجائیں گے جس میں 2 سے 3 ماہ لگیں گے پھر پانچواں سال تو ویسے ہی الیکشن کا ہوتا ہے جس سے پہلے کوئی عقل کا اندھا ہی تحریک چلا کر نئے مسائل کو جنم دے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا بہترین وقت وہی تھا جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد لانگ مارچ کیا تھا لیکن اب ٹرین چھوٹ چکی ہے اور ایکسپریس ٹرین کبھی مسافروں کا انتظار نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں چاول آٹے اور چینی کی قیمت کم ہوگئی ہے، دالوں اور گھی کی قیمتوں کا مسئلہ ہے، یہ مشکلات پچھلے لوگ چھوڑ کر گئے ہیں، ان کی سزائیں ہم بھگت رہے ہیں کہ قوم مہنگائی کے مسائل کا سامنا کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات ہو رہی ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی اور انتخابات تک ہم اپنی صورتحال کو مزید بہتر بنالیں گے۔

اپوزیشن کے پشاور جلسے کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر میں خود جا کر پشاور میں جلسہ کروں تو مجھے یقین ہے کہ اس سے بڑا جلسہ کروں گا، پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں ہے، مولانا فضل الرحمٰن پوری کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا۔

امریکا کا طالبان کے ساتھ آئندہ ہفتے دوبارہ بات چیت کرنے کا اعلان

نور مقدم قتل کیس: ملزم ظاہر جعفر بدستور وکالت نامے پر دستخط سے انکاری

وزیر اطلاعات ’گارلک‘ اور ’لہسن و ادرک‘ میں پھنس گئے