ٹی20 ورلڈکپ 2021ء کی وہ ٹیمیں جو اگلے ورلڈکپ کے لیے بھی کوالیفائی کرچکی
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ اب اپنے اختتام کے قریب ہے اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے بھی 4 میں سے 3 ٹیموں کا تعین ہوچکا ہے۔ تاہم اس ورلڈ کپ میں شامل کچھ ٹیمیں ایسی بھی ہیں جو ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے سال آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی ویب سائٹ کے مطابق رواں سال کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں شامل 8 ٹیمیں اگلے سال آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ان ٹیموں میں اس سال کے ورلڈ کپ کی فاتح اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے علاوہ 6 دیگر ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔ ان 8 ٹیموں میں پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
جی ہاں، آپ نے بالکل ٹھیک پڑھا۔ ان 8 ٹیموں میں بنگلہ دیش تو شامل ہے مگر رواں ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شامل ہونے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم شامل نہیں ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والی آخری راؤنڈ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ملنے والی شکست کا مطلب یہ ہے کہ 15 نومبر تک ویسٹ انڈیز کی ٹیم 10ویں نمبرپر ہوگی اور یوں وہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی نہیں کرسکے گی۔ تاہم ویسٹ انڈیز کی شکست کا ایک نتیجہ یہ بھی ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم 8ویں نمبر پر آجائے گی اور یوں اگلے ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرلے گی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ دفاعی چیمپئن کے طور پر کھیل رہی تھی تاہم اس ٹورنامنٹ میں انہیں صرف ایک ہی فتح حاصل ہوسکی۔ دوسری جانب سری لنکا کی بات کی جائے تو سری لنکن ٹیم بھی کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر سپر 12 مرحلے تک پہنچی تھی لیکن اس مرحلے میں بھی اسے صرف 2 کامیابیاں ہی حاصل ہوئیں۔ یوں ان دونوں ٹیموں کو ٹی20 ورلڈ کپ 2022ء میں شرکت کے لیے کوالیفائینگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا جہاں ان کے ساتھ نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں بھی موجود ہوں گی۔