ای سی پی کی پنجاب کو بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے کیلئے اقدامات کی ہدایات
الیشکن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس کی سفارشات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو مقررہ وقت میں ہی یقینی بنائیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی حکومت 31 دستمبر 2021 کو ختم ہورہی ہے جبکہ ای سی پی نے پنجاب حکومت کو 120 دن کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے پر زور دیا ہے۔
مزیدپڑھیں: الیکشن کمیشن کی بلدیاتی انتخابات 3مراحل میں کرانے کی تجویز
کمیشن کی جانب سے مقامی حکومت اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہونے والے ایک مراسلے میں خبردار کیا گیا کہ کمزور ردعمل یا ہدایات کی عدم تعمیل کی صورت میں کمیشن ’آرڈر‘ پاس کرنے کا اختیار استعمال کر سکتا ہے جیسا کہ اس نے خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے معاملے میں کیا تھا۔
ای سی پی نے 14 اکتوبر کو خیبرپختونخوا حکومت کے صوبے میں بلدیاتی انتخابات تین مرحلوں میں کرانے کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے اسے مارچ 2022 تک انتخابی عمل مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔
اسی طرح الیکشن کمیشن نے متعلقہ وزارت کو بھی ہدایت کی کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایک ماہ کے اندر پارلیمانی قانون سازی مکمل کی جائے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مراسلے میں کہا گیا کہ ای سی پی نے متعدد مرتبہ صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ تمام مطلوبہ قانونی اور انتظامی انتظامات کو مکمل کرے اور ایکٹ کے سیکشن 91 کے تحت ضرورت کے مطابق مشاورتی اجلاس کے دوران بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مجوزہ تاریخ یا تاریخوں سے آگاہ کرے۔
مزیدپڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری
اس میں کہا گیا کہ کمیشن نے 2020 میں محکمہ کو وقتاً فوقتاً 5 مراسلے بھی لکھے۔
کمیشن بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ 5 اگست 2020، 30 دسمبر 2020، 6 جنوری 2021، 21 جنوری 2021 اور 19 اپریل 2021 کو ہونے والی متعدد مشاورتی اجلاس کی بھی یاد دہانی کرائی۔
کمیشن نے مختلف اجلاسوں سے متعلق یہ حقائق پیش کیے کہ ای سی پی آئین کے آرٹیکل 219 کے تحت صوبے میں انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی نتیجہ خیز پیش رفت نہیں کی گئی۔
اس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ سے پنجاب حکومت کو بتانا چاہتا ہے کہ ’پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق قوانین / قواعد کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 اور پی ایل جی انتخابات رولز2021 ای سی پی کو 30 نومبر 2021 تک فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے مالاکنڈ کو پہلے مرحلے سے نکال دیا
ای سی پی سیکشن 84 کے تحت 'انتخابی یونٹس' کو آفیشل گزٹ میں مطلع کرنا شروع کر دے گا اور انتخابی گروپوں کی فہرست سازی کرے گا اور مقررہ مدت کے اندر قواعد کی متعلقہ دفعات کے تحت ایل جی انتخابات کے انعقاد کے لیے دیگر تمام ضروری انتظامات کرے گا۔