اسٹاک مارکیٹ میں ’تکنیکی مسائل‘ کے باعث کاروبار عارضی طور پر معطل
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری سرگرمیاں ’تکنیکی مسائل‘ کی وجہ سے عارضی طور پر دو گھنٹے کے لیے معطل ہیں۔
اسٹاک مارکیٹ کی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ میں کہا گیا کہ ’جیڈ ٹریڈنگ ٹرمینل (جے ٹی ٹی) میں کچھ تکنیکی مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’مسائل کے تفصیلی جائزے اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایکسچینج نے آج کاروباری سیشن 12 سے 2 بجے تک دو گھنٹوں کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
اپ ڈیٹ میں کہا گیا کہ ’مارکیٹ میں دو گھنٹے بعد پری اوپن کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگا‘۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیشرفت، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان
مارکیٹ میں کاروبار معطل ہونے سے قبل 100 انڈیکس 694 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 45 ہزار 922 پوائنٹس کی سطح پر تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں کے دوران حصص مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ نظر آرہا ہے اور سیاسی و معاشی سطح پر بے یقینی کی وجہ سے مارکیٹ دباؤ کا شکار نظر آرہی ہے۔