قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں ڈیزائنر عاصم جوفا کی منفرد پیش کش
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ میں قومی ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کو شکست دیے جانے کے بعد فیشن ڈیزائنر عاصم جوفا نے دنیا بھر کے افراد کو منفرد پیش کش کر ڈالی۔
عاصم جوفا نے پاکستانی ٹیم کی جیت کی خوشی میں اپنی تمام ملبوسات کی دنیا بھر میں ڈیلیوری مفت کرنے کا اعلان کردیا۔
فیشن ڈیزائنر نے انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستان و نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ، ان کی کمپنی دنیا بھر میں مفت ڈیلیوری فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: حارث اور آصف کی عمدہ کارکردگی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی
عاصم جوفا نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ قومی ٹیم کی جیت کی خوشی کا جشن منانے کے لیے ان کی کمپنی تمام تر ملبوسات کی دنیا بھر میں مفت ڈیلیوری کرے گی۔
انہوں نے فیشن کے شائقین کو مشورہ دیا کہ وہ ان کی جانب سے اعلان کردہ منفرد پیش کش کا فائدہ اٹھائیں اور جلد سے جلد ان کی کمپنی کی ویب سائٹ پر جاکر آرڈر کریں۔
عاصم جوفا نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی جانب سے دنیا بھر میں مفت ڈیلیوری کی پیش کش کب تک جاری رہے گی لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی پیش کش ایک ہفتے تک جاری رہے گی، جس کے بعد ان کی کمپنی ڈیلیوری چارجز وصول کرے گی۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد
عاصم جوفا کی کمپنی تمام تر ملبوسات کی دنیا بھر میں پیسوں کے عوض ڈیلیوری فراہم کرتی ہے اور بعض ممالک کے ڈیلیوری چارجز بہت زیادہ ہوتے ہیں۔
عاصم جوفا کا شمار ملک کے معروف اور بڑے فیشن ڈیزائنرز میں ہوتا ہے، وہ خواتین کی ملبوسات سمیت مرد حضرات کے لیے بھی مصنوعات تیار کرتے ہیں۔
قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کپ کے اپنے دوسرے میچ میں 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کی تھی۔
شارجہ میں کھیلے گئے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 134 رنز بنا سکی۔
قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف اوور ختم ہونے سے قبل ہی حاصل کرلیا، قومی ٹیم کے شعیب ملک اور آصف علی نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدلا اور جیت کو یقینی بنایا۔
نیوزی لینڈ کو شکست دینے سے قبل قومی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو بھی 24 اکتوبر کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔