پاکستان

محمد زبیر کی ویڈیو ان کا ذاتی معاملہ ہے، ترجمان برقرار رہیں گے، مریم نواز

جنید صفدر ابھی سیاست میں نہیں آئیں گے، سیاست کے لیے میں اور نواز شریف ہی کافی ہیں، نائب صدر مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی ویڈیو ان کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ میرے اور نواز شریف کے ترجمان برقرار رہیں گے۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ محمد زبیر کی ویڈیو ان کا ذاتی معاملہ ہے اور اس سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: مجھ سے منسوب لیک ویڈیو جعلی ہے، محمد زبیر

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ویڈیو سے پہلے محمد زبیر کی بیوی اور بچوں کو دھمکیاں ملتی رہیں جس کے ان کے پاس ثبوت بھی ہیں اور انہوں نے مجھے بھی اس بارے میں بتایا تھا لیکن کسی کی بھی غیر اخلاقی ویڈیو کا سامنے آنا نامناسب ہے کیونکہ یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ سمجھ رہے تھے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد محمد زبیر کو ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا تو ایسی بات نہیں ہے، وہ اب بھی میرے اور نواز شریف کے ترجمان رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں سب کو انصاف ملے لیکن ادھر تین بار کے وزیر اعظم نواز شریف کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا، ہماری خواہش ہے کہ نوازشریف دسمبر سے پہلے وطن واپس آجائیں مگر ان کی صحت کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جنید صفدر ابھی قانون کی تعلیم حاصل کررہے ہیں جس کے بعد وہ کاروبار کریں گے کیونکہ اسے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد زبیر نے نواز شریف،مریم نواز سے متعلق آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ان کا کہنا تھا کہ جنید صفدر ابھی سیاست میں نہیں آئیں گے، سیاست کے لیے میں اور نواز شریف ہی کافی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ چیئرمین نیب کا معاملہ آئین کے مطابق ہونا چاہیے اور اگر چیئرمین نیب کی توسیع کی گئی تو مسلم لیگ (ن) اپنے لائحہ عمل کا فیصلہ دے گی کیونکہ آئین کے اندر توسیع ممکن نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اتوار کی رات سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کی ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں جس میں مبینہ طور پر لیگی رہنما کو نامعلوم خواتین کے ساتھ نجی تعلقات قائم کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور یہ ویڈیو وائرل ہونے کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بن گئی تھی۔

محمد زبیر نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان مبینہ ویڈیوز کو 'افسوسناک' قرار دیتے ہوئے اسے سیاست میں 'نئی پستی' قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کیلئے سندھ پولیس پر دباؤ ڈالا گیا، محمد زبیر

محمد زبیر نے کہا تھا کہ انہوں نے ایمانداری، وقار اور دیانتداری کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کی ہے اور اس کی بہتری کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما محمد زبیر کسی تنازع کا شکار ہوئے ہوں بلکہ وہ رواں سال کے اوائل میں بھی ایک تنازع کا شکار ہوئے تھے۔

رواں سال کے آغاز میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ محمد زبیر کی بیٹی اور داماد کو آؤٹ آف ٹرن ویکسین لگائی گئی، حالانکہ وہ ہیلتھ ورکر نہ ہی عمر رسیدہ تھے۔

اس وقت محکمہ صحت کے عہدیدار نے کہا تھا کہ ویکسین لگانے والے سہولت کار کو معطل کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

تیسرے نکاح کے وقت گود میں نواسہ لیے بیٹھی تھی، عتیقہ اوڈھو

'اپنی کھال کھینچ کر بیچ کیوں نہیں دیتے؟'

دورہ پاکستان سے انکار پر انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے معذرت کرلی