پاکستان

کراچی میں سام سنگ ٹی وی پلانٹ لگانے کیلئے تیار

ٹی وی پلانٹ2021 کے چوتھے سہ ماہی میں فعال ہوجائے گا اور اس سے سالانہ 50 ہزار ٹی وی یونٹس تیار ہونے کا امکان ہے، عبدالرزاق داؤد

جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'سام سنگ الیکڑانکس' مقامی پارٹنر آر اینڈ آر انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کے اشتراک سے سالانہ 50 ہزار ٹیلی ویژن بنانے کے مقصد کے پیش نظر پاکستان میں ٹی وی پلانٹ تعمیر کر رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ 'مجھے آگاہ کیا گیا ہے کہ سام سنگ کمپنی جلد ہی ٹیلی ویژن بنانا شروع کرے گی'۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ یہ پیداوار کے اخراجات و دیگر مراعات کے معقول طریقہ کار کے ذریعے صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے وزارت تجارت کی 'میک اِن پاکستان' پالیسی کی توثیق ہے، ٹی وی پلانٹ2021 کے چوتھے سہ ماہی میں فعال ہوجائے گا اور اس سے سالانہ 50 ہزار ٹی وی یونٹس تیار ہونے کا امکان ہے۔

آر اینڈ آر انڈسٹریز کے سی ای او موسیٰ نے اعلان کیا کہ کمپنی کا منصوبہ ہے کہ سام سنگ کمپنی کا ٹی وی مینوفیکچرنگ پلانٹ پاکستان میں لگایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا پاکستان میں موبائل فونز تیار کرنے کا منصوبہ

کمپنی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا کہ آر اینڈ آر انڈسٹریز نے سام سنگ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور اس کا کراچی کے کورنگی صنعتی علاقے میں پلانٹ قائم کرنے کا ارادہ ہے۔

آر اینڈ آر انڈسٹریز پہلے ہی فیکٹری پلانٹ کی تعمیر کا آغاز کر چکی ہے جس کا افتتاح متوقع طور پر 2021 کی چوتھی سہ ماہی میں کیا جائے گا اور یہ ایک مرکزی عالمی برانڈ کی پاکستان کی مقامی مینوفیکچرنگ میں شمولیت ہے۔

مقامی شراکتی کمپنی کا ماننا ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان میں 700 سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی، منصوبے سے سالانہ تقریباً 5 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا ہونے کا امکان ہے اور پیداوار کا سالانہ ہدف 50 ہزار ٹی وی یونٹس ہیں۔

مزید پڑھیں: سام سنگ موبائل کا پاکستان میں پیداوار کیلئے لکی گروپ کے ساتھ معاہدہ

1969 میں قائم ہونے والی سام سنگ الیکٹرانکس جلد ہی کورین مارکیٹ کی بڑی مینوفیکچرر اور وسیع ہو کر عالمی برانڈ بن گئی، جو گزشتہ 15 سالوں سے دنیا میں ٹیلی ویژن تیار کرنے والی سرفہرست کمپنیوں میں شامل ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لکی سیمنٹ لمیٹڈ کے ماتحت ادارے لکی موٹر کوآپریشن (ایل ایم سی) نے جولائی میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں سام سنگ کی موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے ان کا سام سنگ گلف الیکٹرانکس کارپوریشن ایف زیڈ ای (سام سنگ) کے ساتھ معاہدہ طے پا چکا ہے۔

موبائل ڈیوائسز کی پیداوار کی سہولت ایل ایم سی کے موجودہ پلانٹ میں ہوگی جو ممکنہ طور پر دسمبر2021 میں مکمل ہوجائے گا۔

عائشہ عمر اپنے نئے ڈرامے میں اظفر رحمٰن کے ساتھ اداکاری کریں گی

مٹیاری: سندھ کے ثقافتی تنوع کی علامت

سی اے اے کی مسافروں سے براہ راست ایئرپورٹ فیس وصول کرنے کی دھمکی