پاکستان

نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان

نیوزی لینڈ کرکٹ کے خلاف یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اٹھانے سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا، عہدیدار

لاہور: راولپنڈی میں تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کے آغاز سے قبل نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ منسوخ کرنے کے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کروڑوں کا مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ 'سیکیورٹی نقصانات کے علاوہ یہ پی سی بی، حکومت اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا ہے جو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے'۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز کے بعد لاہور میں 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جانے تھے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے، آئی سی سی میں بات ہوگی، چیئرمین پی سی بی

عہدیدار کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے خلاف یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اٹھانے سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'آئی سی سی نے ان معاملات میں کبھی کچھ نہیں کیا، اس کے علاوہ بھارتی لابی آئی سی سی میں مضبوط ہے جس کی وجہ سے پی سی بی کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف معاوضے کا کوئی کیس جیتنا آسان نہیں ہوگا'۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہا تھا اور اس کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے اکتوبر کے دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کریں گے۔

انگیلنڈ کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں اگلے ماہ مختصر دو میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان آنے والی ہیں۔

انگلینڈ کے مردوں کی ٹیم نے اس سے قبل 2005 میں پاکستان میں انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا جبکہ خواتین کی ٹیم پہلی بار دورہ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کا دورہ پاکستان بھی خطرے میں، '24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ' متوقع

عہدیدار نے کہا کہ 'اب انگلینڈ کا دورہ کرنے کی بہت کم امیدیں ہیں'۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے مسائل حل ہو جائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کرکٹ کے لیے یہ شرم کی بات ہے، آخری لمحات کا یہ فیصلہ کھیل کو بہت زیادہ مالی نقصان پہنچائے گا، امید ہے کہ پاکستان میں دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے لیے سیکیورٹی کے مسائل حل کیے جا سکیں'۔

کابل کے ڈرون حملے میں شہری ہلاک ہوئے، پینٹاگون کا اعتراف

تنقید کے بعد پریانکا چوپڑا نے 'دا ایکٹیوسٹ' کا حصہ بننے پر معافی مانگ لی

شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت