وزیر اعظم کا برطانوی ہم منصب کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت
وزیراعظم عمران خان نے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 'مشکل کی اس گھڑی میں میری دعائیں اور ہمدردیاں وزیر اعظم بورس جانسن اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں'۔
واضح رہے کہ بورس جانسن کی والدہ شارلوٹ جانسن واہل پیر کے روز 79 سال کی عمر میں وفات پاگئی تھیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق اخبار 'ٹائمز' میں شائع نوٹس میں کہا گیا کہ شارلوٹ جانسن واہل کا مغربی لندن کے سینٹ میری ہسپتال میں اچانک انتقال ہوا۔
بورس جانسن کی والدہ مصورہ تھیں اور ایک مرتبہ برطانوی وزیر اعظم نے انہیں خاندان کی 'سپریم اتھارٹی' قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا بورس جانسن سے ٹیلیفونک رابطہ: ماحولیاتی تبدیلی، افغان امور پر تبادلہ خیال
والدہ کی وفات پر برطانیہ سمیت دنیا بھر سے سیاسی رہنماؤں نے بورس جانسن سے تعزیت کا اظہار کیا۔
شارلوٹ جانسن واہل کے والد 1970 کی دہائی میں یورپی کمیشن برائے انسانی حقوق کے صدر تھے۔
انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے سے قبل 1963 میں اسٹینلے جانسن سے شادی کی تھی، جس سے ان کے بورس جانسن سمیت چار بچے تھے۔
جوڑے کے درمیان 1979 میں طلاق ہوگئی جس کے بعد شارلوٹ جانسن واہل نے 1988 میں امریکی پروفیسر نکولس واہل سے شادی کر لی تھی۔