پاکستان

کراچی میں 14 ستمبر تک موسم گرم رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، گرمی کی لہر کے دوران سمندری ہوائیں بند رہنے کا امکان ہے۔
|

محکمہ موسمیات نے کراچی میں 14 ستمبر تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران درجہ حرارت 39 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

اپنی پیش گوئی میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ راجستھان میں ہفتے تک موجود ہوا کا کم دباؤ مشرق کی جانب منتقل ہوگیا ہے۔

سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں 14 ستمبر تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا جس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری اور کم سے کم 26 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جبکہ گرمی کی لہر کے دوران سمندری ہوائیں بند رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان

واضح رہے کہ سندھ میں سیزن کی پہلی ہیٹ ویو مارچ کے آخر میں آئی تھی جبکہ اپریل میں دوسری ہیٹ ویو نے لوگوں کو مشکل میں ڈال دیا تھا جس دوران کراچی میں درجہ حرارت 43.6 ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ کراچی میں اپریل میں 18 سال کا گرم ترین دن تھا، جس میں شہریوں کو تقریباً ایک ہفتے تک ہیٹ ویو جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شہر کو مئی میں سمندر میں طوفان 'تاوتے' کے باعث ایک مرتبہ پھر گرم موسم کا سامنا کرنا پڑا جس دوران درجہ حرارت 43.5 ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔

خیال رہے کہ 2015 میں کراچی کو پاکستان کی 50 سال سے زائد عرصے میں سب سے خطرناک ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس دوران ایک ہزار 200 سے زائد افراد ہلاک اور ہیٹ اسٹروک سے 40 ہزار سے زائد کی طبیعت خراب ہوئی تھی۔

کیا شاہ رخ خان ویب سیریز میں اداکاری کرنے جارہے ہیں؟

خیبر پختونخوا: ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژنز میں تیز بارش، حادثات میں 14 افراد جاں بحق

بھارت میں صرف 'اچھی خبر' نشر کرنے والا ٹی وی چینل کھل گیا