پاکستان

ملک بھر میں یوم دفاع بھر پور قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

اس سال کے یوم دفاع و شہدا کا موضوع تھا ہمارے شہدا ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں سے تعلق رکھنے والے تمام رشتہ داروں کو سلام ہے۔

وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

6 ستمبر 1965 وہ دن تھا جب بھارتی افواج نے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان پر حملہ کیا لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس سال کے یوم دفاع و شہدا کا موضوع 'ہمارے شہدا ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں سے تعلق رکھنے والے تمام رشتہ داروں کو سلام' ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یومِ دفاع کی مناسبت سے تینوں مسلح افواج کے نغمے ریلیز

یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا جبکہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی کو جنرل سیلوٹ پیش کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے مزار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

اس کے علاوہ نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا پر پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، ملک کے استحکام اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

دورانِ تقریب چیف آف نیوزل اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار پر پھول رکھے اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

صدر و وزیراعظم کے یومِ دفاع کے موقع پر پیغامات

یوم دفاع اور شہدا کے موقع پر صدر ملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں اس عہد کی تجدید کی کہ بہادر پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایے میں ہونے والی پیش رفت سے مکمل طور پر باخبر ہے اور امن کے قیام کے لیے پرعزم جبکہ امن میں رکاوٹ ڈالنے والی کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں: 1965ء کی جنگ پاکستانی سخن وروں کے سنگ

انہوں نے خفیہ سرگرمیاں انجام دینے والے دشمن کو بے نقاب کرنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بہادر سپاہیوں اور افسروں، پائلٹس اور سیلرز بے جگری سے لڑے اور اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی اور بڑی قربانی دے کر ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت آج خاص طور پر پاکستان کے حوالے سے عالمی برادری کے سامنے خطے میں امن کو متاثر کرنے کی کوشش کے لیے بے نقاب ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی فعال سفارتکاری کی وجہ سے بین الاقوامی برادری اب مان چکی ہے کہ بھارت بھر میں اقلیتوں پر ظلم و ستم اور مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر جاری مظالم فوری طور پر ختم ہونے چاہئیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہوگا جو جتنی جلد ہو اتنا بہتر ہے۔

آرٹس کونسل کراچی میں تقریب

آرٹس کونسل کراچی میں بھی یوم دفاع پاکستان بھرپور طریقے سے منایا گیا اور اسی مناسبت آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری تھے جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی میں یوم دفاع پاکستان جس خوبصورت انداز سے منایا گیا ہے اس سے بہتر پروگرام ہو ہی نہیں سکتا تھا، آرٹس کونسل میں ہونے والی پرفارمنس کا ایک ایک لفظ وطن کی محبت میں ڈوبا ہوا تھا، تھیٹر اکیڈمی اور میوزک اکیڈمی کے طلبہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

تقریب کے اختتام پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ڈی جی رینجرز کو گلدستہ پیش کیا، سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے ڈی جی رینجرز کو اجرک پہنائی۔

یوم دفاع کے موقع پر سیاسی قیادت کا وطن کے محافظوں کو خراج تحسین

نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب