پاکستان

ویکسین کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کیلئے نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، شیخ رشید

نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ رواں ہفتے متعارف کروایا جائے گا جس میں منظور شدہ ویکسین کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کی گنجائش ہوگی، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں منظورہ شدہ ویکیسنز کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا نیا سرٹیفکیٹ متعارف کروایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جن افراد نے چینی ویکسین لگوائی ہے جو خلیجی ممالک میں قابل قبول نہیں ہے، ان کے لیے رواں ہفتے نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ متعارف کروایا جائے گا جس میں اضافی ویکسین کے اندراج کی گنجائش ہوگی‘۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی سیاحتی ویب سائٹ کے مطابق سائنو فارم یا سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے غیر ملکیوں کو منظورہ شدہ چاروں میں سے کسی ایک ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:چینی ویکسین لگوانے والے غیر ملکیوں کو سعودی عرب میں داخلے کی مشروط اجازت

سعودی حکام کی جانب سے ملک میں آنے والے افراد کے لیے آکسفورڈ/ ایسٹرازینیکا، فائزر/بائیو این ٹیک یا موڈرنا ویکسین کی منظوری دی تھی۔

علاوہ ازیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت، این ڈی ایس اور اسرائیل مل کر جو پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں وہ اس بات کا تقاضہ ہیں کہ ہم یکجا ہو کر ان کا مقابلہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی بدنصیبی کے اپوزیشن کو سمجھ نہیں ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں اس خطے کی کیا صورتحال ہوگی اور یہ کہنا کہ کسی کو گرفتار کیا تو یہ ہوجائے گا، کچھ نہیں ہوگا، کوشش آپ کرلیں، قانون اپنی جگہ پر ہے جس کی خلاف ورزی پر قانون کا اطلاق ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے 2 ہزار ہولیس اہلکاروں کی بھرتی کی درخواست کی ہے جس میں پہلے مرحلے میں ایک ہزار اور دوسرے مرحلے میں مزید ایک ہزار اہلکار رکھے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی، یہ ‘انٹرنیشنل سازش’ ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای-11 میں جس نالے کو 12 فٹ سے کم کرکے 4 فٹ کیا گیا ان میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ رواں ہفتے 2 مرتبہ چینی سفیر سے ملاقات ہوئی، چین اور پاکستان کی دوستی پر پوری قوم یک زبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس ملک میں انتشار اور خلفشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتے ہیں وہ منہ کے بل گریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم کی تحقیقات وزارت داخلہ کے پاس ہے، اداروں نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں جس کا اعلان وزیر خارجہ کریں گے جبکہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا سے متعلق تمام شواہد افغان تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردیئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان ٹیم سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سفیر، ان کی بیٹی سے تفتیش اور جو جرمن فون ہمیں فرانزیک کے لیے چاہیے اس کے لیے رابطہ کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات سے قبل نیب کے کرپشن کیسز کے فیصلے ہو جائیں گے، شیخ رشید

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری سے منسوخ ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کے پاس 2 ہی آپشنز ہیں ایک یہ کہ پاسپورٹ کی منسوخی کے خلاف اپیل کرلیں دوسرا کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ لے لیں جو ہوسکتا ہے وہ نہ لیں کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بہتری کے حالات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک صاحب نے بیان دیا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائے گی جبکہ اس ملک میں بھٹو پھانسی لگ گیا تو کوئی چڑیا نہیں پھڑکی، آپ اس سے بڑے لیڈر تو نہیں ہیں کہ یہاں قیامت برپا کردیں گے، قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔

انہوں نے ایک مرتبہ دہرایا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں سے نام نکالنے کے لیے اپیل کا وقت گزر چکا ہے لیکن شہباز شریف نے درخواست نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ اس ملک میں ہورہا ہے اس کے پیچھے دہشت گردی، 'را'، این ڈی ایس، اسرائیل ہے، میڈیا میں بھی انہوں نے ہمیں نشانہ بنایا ہوا ہے لیکن عمران خان کی قیادت میں اس سے نکلیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت مل گئی ہے جس کی کچھ شرائط ہیں جنہیں لوگوں کو سمجھنے اور پڑھنے کی ضرورت ہے۔

برطانیہ میں جلاوطن پاکستانیوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے، سیکیورٹی حکام

امریکا کا اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکل جانے کا مشورہ

رنبیر اور عالیہ 2021 میں ہی شادی کریں گے، لارا دتہ