دنیا

چین کا امریکا پر دوطرفہ تعلقات میں ‘تعطل’ پیدا کرنے کا الزام

امریکا اور چین کے تعلقات تعطل کا شکار ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا ہے، نائب وزیر خارجہ چین

چین نے امریکا پر دو طرفہ تعلقات میں ‘تعطل’ پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ‘تصوراتی دشمنی’ پیدا کر رہا ہے اور ڈپٹی سیکریٹری اسٹیٹ وینڈی شیرمین کے ساتھ ملاقات میں کشیدگی کا رویہ اپنایا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے دوسرے درجے کے سفارت کار وینڈی شیرمین دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے بعد براہ راست مذاکرات کے لیے گزشتہ روز شمالی شہر تیانجن پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: امریکا کے ساتھ کشیدہ تعلقات دشوار ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، چین

سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین کے نائب وزیر خارجہ ژی فینگ نے کہا کہ ‘امریکا اور چین کے تعلقات تعطل کا شکار ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘امریکا چاہتا ہے کہ چین کو تصوراتی دشمن قرار دے کر قومی مفاد حاصل کیا جائے‘۔

امریکی ڈپٹی سیکریٹری اسٹیٹ وینڈی شیرمین کو دونوں ممالک کے درمیان پروٹوکول کے مسائل کے باعث چین سے قبل جاپان، جنوبی کوریا اور منگولیا میں رکنا پڑا۔

وینڈی شیرمین بعد ازاں چینی وزیر خارجہ اور اسٹیٹ کونسل وانگ یی سے بھی ملاقات کریں گے۔

وانگ یی نے دو روز قبل خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین تعلقات میں امریکا کی ‘برتر’ پوزیشن حاصل کرنے کی کوشش کو قبول نہیں کرے گا جبکہ اس سے قبل چین نے امریکا کے سابق کامرس سیکریٹری ولبر روز اور دیگر پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

امریکی انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں نے مذاکرات کے دوران وینڈی شیرمین کی پوزیشن سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا، چین کے ساتھ مذاکرات کا خیر مقدم کرتا ہے لیکن برابری اور تنازع سے بچنے کے لیے اہمیت دی جائے۔

امریکی حکومت اور قانون سازوں کی جانب سے ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے حوالے سے چین کی پالیسی پر تنقید کی جاتی رہی ہے اور امریکی سینیٹ نے رواں مہینے جبری مزدوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغربی ریجن سے درآمدات پر پابندی کا بل منظور کرلیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ وینڈی شیرمین ایک مضبوط پوزیشن کے ساتھ چین جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو چین اور امریکا دونوں کی ضرورت بننا ہوگا

امریکا ڈپٹی اسٹیٹ سیکریٹری کی چین میں ملاقات بیجنگ اور واشنگٹن دونوں کے درمیان سرد مہری کے شکار تعلقات کے پیش نظر ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کے تحت رواں برس مارچ میں منعقدہ اجلاس کے بعد بدترین صورت اختیار کر گئے تھے۔

الاسکا میں اس اجلاس میں چین کی جانب سے وزیر خارجہ وانگ یی بھی شامل تھے جہاں انہوں نے امریکی جمہوری تضاد پر تنقید کی تھی تو امریکی عہدیداروں نے چینی کو نشانے پر رکھا تھا۔

چین میں مذاکرات کووڈ-19 کے خلاف سخت حفاظتی اقدامات کے تحت ہوا اور دورے پر آئے ہوئے عہدیدار کے ساتھ ملاقات دارالحکومت بیجنگ کے باہر رکھی گئی۔

غیرملکی میڈیا کو بھی ہوٹل سے دور رکھا گیا جہاں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہو رہے تھے لیکن چین کے میڈیا کو احاطے میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔

لاپتا شہری کی بازیابی تک اہلخانہ کو ان کی تنخواہ کے برابر رقم کی ادائیگی کا حکم

13 سالہ لڑکی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

شوبز شخصیات بھی ویٹ لفٹر طلحہ طالب کی معترف