اسلام آباد میں شیڈول افغان امن کانفرنس ملتوی
پاکستان نے افغانستان کے حوالے سے اسلام آباد میں شیڈول امن کانفرنس کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘افغان امن کانفرنس اسلام آباد میں 17 جولائی سے 19 جولائی 2021 کے درمیان شیڈول تھی’۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں 17 سے 19 جولائی تک افغان امن کانفرنس ہوگی، ترجمان دفترخارجہ
انہوں نے کہا کہ ‘افغان امن کانفرنس کو عیدالاضحیٰ کے بعد تک ملتوی کردیا گیا ہے’۔
دفتر خارجہ کے مطابق ‘مذکورہ کانفرنس کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا’۔
قبل ازیں گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ پاکستان 17 سے 19 جولائی تک افغانستان پر 'امن کانفرنس' کی میزبانی کرے گا اور اس حوالے سے افغان قیادت نے شرکت کی یقین دہائی کرا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان قیادت اور دیگر رہنماؤں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور افغان قیادت نے کانفرس میں شرکت کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں دیرپا قیام امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، افغانستان میں سیکیورٹی کے معمولی خلا کو دہشت گرد عناصر اور دیگر قوتیں پاکستان کے خلاف استعمال کر سکتی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مزید افغان مہاجرین کی میزبانی کا متحمل نہیں ہو سکتا، خطے کے ربط، ترقی اور خوشحالی کے لیے پرامن افغانستان کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا حامد کرزئی کو ٹیلی فون، افغانستان کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کی دعوت
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سابق افغان صدر حامد کرزئی سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں افغانستان کے حوالے سے اپنے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے حامد کرزئی کو یقین دلایا کہ پاکستان، ہمسایہ ملک میں امن کی بحالی کے لیے تمام تر کوششیں کرے گا۔