پاکستان

آزاد کشمیر انتخابات کے بعد حکومت، اپوزیشن کے مابین تعلقات بہتر ہوں گے، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ نے تعلقات میں بہتری سے متعلق اپنے بیان کی مزید وضاحت نہیں کی لیکن پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عندیہ دیا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) انتخابات کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے مابین تعلقات میں بہتری آئے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنی مدت پوری کرے گی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے امریکا سے متعلق بیانات کا ان کے دور اقتدار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

مزید پڑھیں: افغانستان کی نئی سیاسی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، شیخ رشید

انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کے مابین تعلقات میں بہتری سے متعلق بیان کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن خیال کیا جارہا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں جاری انتخابی مہم کے دوران دونوں فریقین کے مابین لفظی جنگ کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مردہ گھوڑا ہے اور وہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف نے وزیر اعظم عمران خان کو کوئی چیلنج نہیں دیا کیونکہ وہ ملک کی خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں اور اپنی مدت پوری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شیخ رشید

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مناسب انداز میں قوم کے سامنے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا، ان سے پہلے کسی نے بھی اس مسئلے کو اتنی طاقت سے اجاگر نہیں کیا تھا۔

وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک بھارت سے مذاکرات نہیں کرے گا۔

افغانستان کی صورتحال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنی سرزمین کو علاقائی امن کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ اسلام آباد، افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں اپنے عوام کی جانب سے کسی بھی فیصلے کو قبول کرے گا۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کیلئے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنا چاہتے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سول اور عسکری قیادت ہمسایہ ملک میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے افغان حکومت اور طالبان دونوں کو ایک میز پر لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دفتر خارجہ کوشش کر رہے ہیں۔

طورخم میں پھنسے ہوئے لوگوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ صرف وہی لوگ جن کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، انہیں سرحد عبور کرنے کی اجازت ہوگی۔

ایس او پیز کی عدم تعمیل: کورونا کے کیسز میں 3 گنا اضافہ

پنجاب میں عوامی مقامات پر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا فیصلہ

کینسر کا خطرہ بڑھانے والے ان مشروبات سے گریز کریں