پاکستان

کووِڈ ویکسین کی قلت، اپوزیشن کی حکومت پر تنقید

حکومت کا دعویٰ ہے کہ ویکیسن کی 10 لاکھ خوراکیں دستیاب ہیں اور مزید آئندہ چند روز میں آنے والی ہیں، رپورٹ

اسلام آباد: ملک میں کووِڈ 19 ویکسین کی قلت کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیشِ نظر مسلم لیگ (ن) نے ویکسین کی خریداری میں تاخیر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت کا دعویٰ ہے کہ ویکیسن کی 10 لاکھ خوراکیں دستیاب ہیں اور مزید آئندہ چند روز میں آنے والی ہیں۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بڑے ویکسینیشن مراکز نے یا تو ویکسینیشن روک دی ہے یا سست کردی ہے جس کی وجہ سے یومیہ ویکسینیشن کی تعداد جو رواں ماہ کے آغاز میں 4 لاکھ تک جا پہنچی تھی اب 40 فیصد کم ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ویکسینیشن سینٹر بند نہیں ہوئے، وقت محدود کردیا گیا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے آئندہ ہفتے ویکسین سپلائیز کی ٹائم لائن شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ سسٹم پر آنے والا دباؤ اور تقسیم کے مسائل پیر یا منگل تک حل ہوجائیں گے اس کے علاوہ پاکستان میں ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں اب بھی دستیاب ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کو کووِڈ ویکسین کی عدم دستیابی پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کی مجرمانہ غفلت ہے کہ بروقت ویکسین نہں خریدی گئی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 'آج پاکستانی عوام وزیراعظم کی نااہلی کی وجہ سے بھگت رہے ہیں، 12 کھرب روپے کا کورونا پیکج بھی عمران مافیا کی جیب میں گیا اور اب ہم ویکسین سے متعلق بھی وہی مسائل سن رہے ہیں'۔

بعدازاں ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا کو بتایا کہ ملک میں کووِڈ 19 ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ 50 ہزار خوراکیں 20 جون 25 لاکھ خوراکیں 22 جون اور مزید 20 سے 30 لاکھ ویکسینز 23 سے 30 جون کے درمیان آجائیں گی۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کو ویکسین کی خریداری میں چیلنجز درپیش

ان کا کہنا تھا کہ سنگل ڈوز پاک ویک (کین سینو) ویکسین کی 4 لاکھ خوراکیں بھی رواں ماہ کے اواخر تک دستیاب ہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیر یا منگل تک سسٹم پر پڑنے والا دباؤ اور تقسیم کے مسائل دور ہوجائیں گے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ اب تک ایک کروڑ 29 لاکھ ویکسینز لگائی جاچکی ہیں جس میں سے 2 لاکھ 26 ہزار 17 اور 18 جون کو الگ الگ لگیں جبکہ 16 جون کو 4 لاکھ 16 ہزار خوراکیں لگائی گئیں۔

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک

سندھ 'غیرجانبدار' ماہرین کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی پیمائش پر رضامند

قومی اسمبلی: اپوزیشن، حکومتی اراکین کی 'زرعی پالیسی' پر کڑی تنقید