دنیا

امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے 14 افراد زخمی، ایک ملزم گرفتار

یہ واقعہ دو فریقین کے درمیان سامنے آنے والا تنازع معلوم ہوتا ہے جس سے زیادہ تر اطراف میں موجود راہگیر متاثر ہوئے، پولیس

امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن میں 2 افراد کی ایک دوسرے پر فائرنگ کے نتیجے میں 14 راہگیر زخمی ہوگئے جبکہ دونوں ملزمان جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آسٹن کے محکمہ پولیس کے سربراہ جوزف چیکون نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہر میں رات دیر گئے تک محافل کے انعقاد کے لیے مقبول علاقے میں فائرنگ کا واقعہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ واقعہ دو فریقین کے درمیان سامنے آنے والا تنازع معلوم ہوتا ہے جس سے زیادہ تر اطراف میں موجود راہگیر متاثر ہوئے'۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: 'حادثاتی فائرنگ' میں سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت پر دوسرے روز بھی مظاہرے

پولیس سربراہ نے بتایا کہ نزدیک موجود اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال میں موجود زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 12 کی حالت خطرے سے باہر ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں کسی کی موت نہیں ہوئی۔

بعدازاں آسٹن پولیس ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے اہلکار کوششیں کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا میں آئے روز فائرنگ کے واقعات رونما ہونا معمول کی بات ہے جس کے باعث انسانی حقوق کی تنظیمیں ہتھیاروں پر پابندی لگانے کے مطالبات کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا: لاس اینجلس کے مضافات میں فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد ہلاک

اس سے قبل 27 مئی کو امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ریلوے مرکز میں ملازم کی فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ مشتبہ حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔

اپریل میں امریکی ریاست انڈیانا کے شہر میں ایک مسلح شخص نے مشہور کوریئر کمپنی کے احاطے میں فائرنگ کی تھی جس میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے اور بعد میں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی تھی۔

مارچ کے آخر میں جنوبی کیلی فورنیا میں ایک دفتر کی عمارت میں فائرنگ سے ایک بچے سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

22 مارچ کو کولوراڈو میں ایک سپر اسٹور میں فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد کی موت واقع ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست انڈیانا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 8 افراد ہلاک

کولوراڈو میں فائرنگ سے چند دن قبل ہی جارجیا میں 6 ایشیائی نژاد خواتین سمیت 8 افراد کا قتل کردیا گیا تھا۔

یہ رواں سال انڈیایا میں رونما ہونے والا فائرنگ کا تیسرا واقعہ تھا جہاں اس سے قبل جنوری میں ایک حاملہ خاتون سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مارچ میں ایک بچے سمیت چار افراد کی موت ہوئی تھی۔

کینیڈا: نفرت کی بنیاد پر قتل ہونے والے مسلمان خاندان کو خراج عقیدت پیش

'دلِ مومن' کی کاسٹ سے نکالے جانے کی افواہوں پر زارا نور عباس کا بیان سامنے آگیا

کوئٹہ میں غیرقانونی طور پر چلنے والے 6 اسکولز سیل