پاکستان

وزیراعلیٰ سندھ کی ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت

سندھ میں کورونا ویکسین کی 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، ٹاسک فورس اجلاس کو بریفنگ
|

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، جام اکرام، مرتضیٰ وہاب، قاسم سراج سومرو، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری صحت، سیکریٹری صنعت، ڈاکٹر عبدالباری، ڈاکٹر سارا خان، ڈاکٹر قیصر سجاد، کورفائیو اور رینجرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والے 26 ہزار 812 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 55 مثبت آئے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

انہوں نے بتایا کہ 29 مئی کو 4 مسافروں میں وائرس کی بھارتی قسم کی تشخیص ہوئی جنہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، یہ مریض جن 14 لوگوں سے رابطے میں آئے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم جون کو 12.45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11.77 فیصد مثبت کیسز تھے، گزشتہ 30 روز میں سندھ میں 392 اموات ہوئیں، ان میں سے 73 کا ان کے گھروں میں انتقال ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 2 جون کو 57 ہزار 541 ویکسین لگائی گئیں، اب تک سندھ میں کورونا ویکسین کی 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ روک لی جائے۔

انہوں نے صوبے بھر کے 300 بی ایچ یو میں ویکسی نیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔

ان بی ایچ یوز میں یومیہ 30 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا گیا ہے جبکہ موبائل ویکسی نیشن ٹیم کو روزانہ 60 ہزار اور نجی ہسپتالوں کو روزانہ 10 ہزار خوراکیں لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔

کاروبار مکمل کھولنا چاہتے ہیں تاہم یہ ابھی ممکن نہیں، اسد عمر

اسرائیل: نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے کی تیاری مکمل، اپوزیشن نے نئی حکومت کا اعلان کردیا

مئی میں پیٹرول کی فروخت بلند ترین سطح تک جا پہنچی