پاکستان

وزارت تعلیم کا 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ

کسی کو بغیر امتحان کے پروموٹ نہیں کیا جائے گا اور امتحانات کے حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان صوبے خود کریں گے، وزارت تعلیم
|

وزارت تعلیم نے رواں سال 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا جبکہ گرمیوں کی چھٹیاں محدود تعداد میں دی جائیں گی۔

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی کا 29 واں اجلاس آج وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: بورڈ امتحانات 15 جون کے بعد ہوں گے، شفقت محمود

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی نے ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام ممکنہ آپشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ امتحانات 20 جون کے بعد سے شروع کیے جائیں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان متعلقہ صوبے خود کریں گے۔

گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ محدود تعداد میں ہوں گی جبکہ اس سال کسی کو بھی بغیر امتحان اگلی جماعت میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔

چیئرمین بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی شفقت محمود نے تمام وفاقی اکائیوں کو اساتذہ، نگراں عملے اور دیگر انتظامی اسٹاف کی بروقت ویکسینیشن کو یقینی بنانے پر زور دیا اور جن اساتذہ کے پاس ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ نہیں ہوگا، انہیں انویجیلیشن کے لیے نہیں بلایا جائے گا۔

اس کے علاوہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں این سی ایچ ڈی اور بیکس کے اسٹاف کی 30 جون کے بعد صوبوں کو منتقلی کے معاملے پر بھی کمیٹی میں تبادلہ خیال کیا گیا اور کمیٹی کے چیئرمین شفقت محمود نے کہا کہ اس ضمن میں صوبے جلدی اعلامیہ جاری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کیمبرج سمیت تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ

بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی میں نیشنل ایجوکیشن اسسمنٹ فریم ورک کو بھی صوبوں کے ساتھ شیئر کیا گیا اور اس کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ، ڈی جی ایف جی ای آئی کینٹ اینڈ گیریژن میجر جنرل اصغر اور سیکریٹری آئی بی سی سی بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم اور چیئرپرسن پیرا ضیا بتول نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

یاد رہے کہ 27 اپریل کو وزارت تعلیم نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیمبرج سسٹم سمیت تمام امتحانات 15 جون تک ملتوی کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: رات 8 بجے کے بعد عوام کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے 12ویں جماعت کے جن امتحانات کو مئی کے آخر میں شروع ہونا تھا، انہیں مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر 15 جون کے بعد امتحانات ہوتے ہیں تو یہ جولائی سے اگست تک طوالت اختیار کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبوں میں تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔

وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ اور کیسز کے اضافے کے پیش نظر وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کرتے ہوئے امتحانات کو بھی 15 جون تک ملتوی کردیا تھا تاہم اب صورتحال میں قدرے بہتری کے بعد 20 جون کے بعد امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کووڈ-19 بندشوں میں نرمی کی کوئی گنجائش نہیں، مراد علی شاہ

خیال رہے کہ ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے دوران صوبہ سندھ میں صورتحال مکمل قابو میں تھی تاہم عید کے بعد سے صوبے میں وبا کا پھیلاؤ بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے جس کے بعد نئی پابندیوں کا نفاذ کردیا گیا ہے اور تعلیمی ادارے بھی بدستور بند ہیں۔

جب عمران خان نے ٹنڈولکر کو گراؤنڈ چھوڑنے کا مشورہ دیا تو کیا ہوا؟

مشہورِ زمانہ ویڈیو 'چارلی بِٹ مائے فنگر' 11 کروڑ روپے میں نیلام

برطانوی وزیراعظم اگلے سال تیسری شادی کریں گے، رپورٹ