پاکستان

پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

یورپی یونین کی سفیر سے ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کا حوالہ دے کر بتایا گیا کہ جنرل ہیڈ کوارٹرز میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینار سے ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم باہمی مفاد پر مبنی کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات کو فروغ کا منتظر ہیں'۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں فرانس مخالف مظاہرے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے مطالبے سے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے تھے۔

بعدازاں فرانس مخالف مظاہرے کی قیادت کرنے والے گروپ کے ساتھ حکومت کے معاہدوں سے ان شکوک و شبہات میں اضافہ ہوا تھا۔

آرمی چیف کے تبصرے کو ان خدشات کو دور کرنے کے تناظر میں دیکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے آرمی چیف، سربراہ آئی ایس آئی کی ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینار نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے خصوصاً افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

بعد ازاں یورپی یونین کے سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کی ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صورتحال کو معمول پر لانے میں مدد کرے اور ایک مناسب حل کی سہولت فراہم کرے۔

یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ نائب صدر بوریل نے صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے 18 مئی کو یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجلاس ہم آہنگی اور تبادلہ خیال کے لیے تشکیل دیا گیا ہے کہ موجودہ تشدد کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کس طرح بہتر کردار ادا کرسکتی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان میں کووڈ 19 وبائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کے بروقت فیصلوں اور مؤثر احتیاطی تدابیر کے ذریعے وبائی بیماری پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اینڈرولا کامینار نے لوگوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

علاوہ ازیں انہوں نے وبائی امراض کے باوجود پاکستان کی برآمدات میں اضافے کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔


یہ خبر 18 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

'سندھ میں مجموعی طور پر پانی کی قلت 37 فیصد ہوگئی ہے'

گلوکارہ آریانا گرانڈے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

زارا نور عباس عید پر اپنی تصاویر شیئر کرنے والی شخصیات سے ناخوش