پاکستان

وقار ذکا کا ملک کا قرض اتارنے کے بدلے عمران خان کے استعفے کا مطالبہ

ٹی وی و سوشل میڈیا اسٹار کے مطابق انہیں ملک چلانے دیا جائے یا پھر عوام حکومت سے متبادل منصوبوں کا سوال کریں۔

ریئلٹی شوز کی میزبانی سے شہرت حاصل کرنے والے ٹی وی و سوشل میڈیا اسٹار وقار ذکا نے ملک کا مجموعی قرض اتارنے کے بدلے صرف وزیر اعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

وقار ذکا نے 4 مئی کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ کرپٹو کرنسی کے ذریعے ملک کا مجموعی قرضہ اتارنے کو تیار ہیں مگر اس کے لیے ان کی ایک ہی شرط ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔

سوشل میڈیا اسٹار نے ساتھ ہی لکھا کہ ملک کا تمام قرضہ اتارنے کے لیے انہیں ملک چلانے کا اختیار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وقار ذکا نوجوانوں کو بھٹکانے والا مواد تیار کرنے پر شرمندہ

وقار ذکا نے مزید لکھا کہ اگر ایسا نہیں کیا جا سکتا تو پاکستانی عوام حکومت اور وزیر اعظم سے مطالبہ کریں کہ قرض اتارنے کا کوئی منصوبہ سامنے لائیں۔

وقار ذکا نے اپنی ٹوئٹ میں اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ ملک کے اوپر کتنا مجموعی قرض ہے اور نہ ہی انہوں نے یہ بتایا کہ ان کے پاس کتنے اربوں روپے کی مالیت کی کرپٹو کرنسی موجود ہے اور ان کے پاس کرنسی کہاں سے آئی؟

وقار ذکا کی ٹوئٹ پر بہت سارے لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر سستا نشہ کرنے کا الزام عائد کیا اور انہیں تجویز دی کہ وہ پہلے اپنا یوٹیوب چینل تو ٹھیک سے چلائیں، بعد میں ملک چلانے کی بات کریں۔

بعض افراد نے ان کی ٹوئٹ پر کمنٹس کیے کہ وہ کچھ زیادہ ہی بول رہے ہیں اور کئی افراد نے ان سے دریافت کیا کہ وہ واقعی میں ہی ایسے ہیں یا پھر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی باتیں کرتے ہیں؟

کچھ افراد نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے میڈیا کو بھی تجویز دی کہ وہ اب آئندہ ایسے شخص کو شوز میں شرکت کی دعوت نہ دیں۔

بعض افراد نے وقار ذکا کو کہا کہ وہ صرف امتحانات ملتوی کرادیں، ملک کا قرض وہ خود ہی اتار دیں گے۔

کچھ افراد نے وقار ذکا کو تجویز دی کہ وہ وزیر اعظم، وزیر اعظم کا کھیل گھر میں ہی کھیلیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کھیل کی آواز باہر نہ آئے۔

کچھ افراد نے وقار ذکا کو یاد دلایا کہ پاکستان کے اوپر کتنا ملکی اور غیر ملکی قرض ہے اور اس وقت دنیا میں کتنی ملکیت کے مساوی کرپٹو کرنسی موجود ہے۔

ملک کا قرض اتارتے وقت شاید وقار ذکا کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ پاکستان پر فروری 2021 تک ملکی و غیر ملکی قرض 36 ہزار 417 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وقار ذکا نے اس طرح کی ٹوئٹ کی ہے، اس سے قبل بھی انہیں ان کی ٹوئٹس اور متنازع بیانات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

وقار ذکا کی تازہ ٹوئٹس پر بعض لوگوں نے انہیں یاد دلایا کہ ان کا سفر ابھی شروع ہوا ہے، منزل ابھی 22 سال دور ہے۔

یاد رہے کہ وقار ذکا نے دو سال قبل تحریک ٹیکنالوجی پاکستان (ٹی ایم پی) نامی سیاسی تنظیم بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

وقار ذکا نے مذکورہ پارٹی کو سیاسی جماعت کا نام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مرکزی مقصد ملک میں انٹرنیٹ کا انقلاب لانا ہوگا۔

کہا جاتا آپ خلیل الرحمٰن قمر کی بیوی ہیں، آپ کو کاسٹ نہیں کرسکتے، ایشل فیاض

علی انصاری اور صبور علی کی منگنی میں گھسیٹا جارہا ہے، مشال خان

علی ظفر کے نعتیہ کلام کی تعریفیں