پاکستان

فیصل آباد میں دو نرسوں کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ

نرسوں پر الماری پر چسپاں مقدس تحریر پر مبنی اسٹیکر ہٹانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

فیصل آباد: پولیس نے توہین مذہب کے الزام میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کی دو نرسوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے متعدد ملازمین نے دونوں نرسوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور الزام عائد کیا کہ دونوں نے الماری پر چسپاں مقدس تحریر کے اسٹیکرز ہٹا کر توہین مذہب کا ارتکاب کیا ہے۔

مزید پڑھیں: توہین مذہب کے ملزم کو قتل کرنے والا شخص جیل منتقل

مشتعل مظاہرین نے ایک نرس کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے ہسپتال کے اندر کھڑی پولیس وین پر حملہ کیا لیکن پولیس نے مظاہرین سے محفوظ رکھنے کے لیے خاتون کو وین کے اندر بند کردیا۔

ایک پولیس افسر نے واقعے سے متعلق بتایا کہ دو نرسوں نے ایک وارڈ میں اسٹیکر اتار کر توہین مذہب کی، جہاں نفسیاتی مریض زیر علاج تھے۔

ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد علی نے سول لائنز پولیس میں درخواست جمع کروائی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ ہسپتال کی کمیٹی نے توہین مذہب کے الزام کی تصدیق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توہین مذہب کے ملزم کے مشتبہ قاتل کا مقدمہ جووینائل قانون کے تحت چلانے کا حکم

انہوں نے کہا کہ ہیڈ نرس نے ہٹایا ہوا اسٹیکر اپنی تحویل میں لے لیا تھا اور انہوں نے جمعہ کو اس معاملے سے انہیں آگاہ کیا۔

ہسپتال انتظامیہ نے پولیس کو بلایا جنہوں نے فوری طور پر نرس کو حفاظتی تحویل میں لے لیا تاکہ انہیں کسی محفوظ جگہ منتقل کیا جا سکے۔

کئی لوگوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے نرسوں کو وین کے اندر ہی رکھا۔

پولیس اور ایلیٹ فورس نے صورتحال پر بروقت قابو پا لیا اور سول لائنز کے ڈی ایس پی رانا عطا الرحمٰن کی سربراہی میں ایک ٹیم نے نرسوں کو ہسپتال کے احاطے سے منتقل کیا۔

مظاہرین میں عالم دین بھی شامل تھے جنہوں نے مرکزی ملزم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

پولیس نے دونوں نرسوں کے خلاف پی پی سی کی دفعہ بی 295 کے تحت مقدمہ درج کیا۔


یہ خبر 10 اپریل 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

وزیراعظم کے عریانیت کے بیان پر شوبز شخصیات منقسم

ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے دوران 9 افراد اسلحہ سمیت گرفتار

وزیر اعظم کے فحاشی کو ریپ واقعات سے جوڑنے کے بیان پر خواتین کا رد عمل