پاکستان

پی آئی اے نے 'عملے میں بے چینی پھیلانے پر' پالپا کے صدر کو معطل کردیا

کیپٹن سلمان ریاض کا لکھا ہوا خط جھوٹ، بے بنیاد اور توہین آمیز تھا جس سے قومی ایئرلائن کی ساکھ کو نقصان پہنہچا، انتظامیہ
|

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پاکستان ایئرلائنز پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے صدر سلمان ریاض کو ان کے عہدے سے معطل کر کے جہاز اڑانے سے روک دیا۔

پی آئی اے کے ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق کیپٹن چودھری سلمان ریاض نے پی آئی اے کے کاک پٹ کریو میں بے چینی پھیلانے کے لیے ایک خط لکھا تھا۔

اعلامیے کے مطابق مذکورہ خط جھوٹ، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ طور پر توہین آمیز تھا جس سے قومی ایئرلائن کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:پائلٹس کے 'مشکوک' لائسنس کے معاملے میں پالپا کا جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ

چنانچہ اس بے ضابطگی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں آفیشل ذمہ داریوں سے معطل کردیا گیا۔

مذکورہ خط کے معاملے پر معطلی کے ساتھ ہی پالپا کے صدر کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ اگر وقت مقررہ کے اندر کوئی جواب موصول نہیں ہوا تو سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں اور پھر مزید کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ نے شو کاز نوٹس میں سلمان ریاض کے لکھے گئے خط کا حوالہ بھی دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان سول ایوی ایشن کے اے این اوز کو باقاعدہ نظر انداز کیا جارہا ہے اور واضح قواعد کے باوجود عملے کی غیر قانونی ڈیوٹیز پلان کی جارہی ہیں جو خطرناک بات ہے۔

خط میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم کاک پٹ کریوں کی طبی سہولیات میں کمی سے بھی آگاہ ہیں، ریٹائرڈ اراکین، موجودہ اراکین کے اہلِ خانہ اور والدین کو فرضی طور پر طبی سہولیات سے انکار کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:پی آئی اے نے ملازمین کی تمام تنظیموں سے معاہدے منسوخ کردیے

خط میں کہا گیا کہ پی آئی اے کے پینل پر موجود ہسپتالوں کے درجے میں کمی کردی گئی اور بقیہ ہسپتال پی آئی اے کی عدم ادائیگیوں کا بہانہ بنا کر علاج کرنے سے انکار کررہے ہیں۔

ساتھ ہی صدر پالپا نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارے اراکین اور ایگزیکٹو کمیٹی کو ناجائز اور انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کا بھی سامنا ہے جس میں بلا کسی قانونی جواز کے ہماری تنخواہیں بھی روک لی گئی ہیں جو حکومتی احکامات کے برخلاف ہے۔

خیال رہے کہ صدر کی معطلی سے پہلے پالپا کے جنرل سیکریٹری کیپٹن عمران ناریجو بھی 3 ماہ سے معطل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پالپا کے نائب صدر کیپٹن مقصود بجارانی اور جوائنٹ سیکریٹری کیپٹن قاسم قادر بھی معطل ہیں جبکہ پالپا کے عہدیداروں نے معطلی اور شوکاز کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔

اُمّت اخبار میں خواتین کیلئے نامناسب الفاظ کی اشاعت پر صحافتی تنظیموں کی مذمت

ماہ رمضان سے قبل ملکہ کوہسارمری میں موبائل بازار متعارف

پیپلز پارٹی، اے این پی کو نوٹس قانونی چارہ جوئی نہیں ہے، شاہد خاقان عباسی